اب رسوئی گیس سلینڈر کے دام بھی چھوئیں گے آسمان! اسمبلی انتخابات کے بعد بڑھیں ، روس یوکرین جنگ نے بھی بڑھائی مصیبت
03:36PM Thu 3 Mar, 2022
نئی دہلی : 3 مارچ،2022 (ایجنسی) پٹرول ڈیزل کے بعد اب گھریلو رسوئی گیس سلینڈر کی قیمتیں بھی جھٹکا دینے والی ہیں ۔ لگاتار ہورہے گھاٹے کو دیکھتے ہوئے تیل کمپنیاں پانچ ریاستوں میں ہورہے اسمبلی انتخابات کے بعد ایل پی جی کی قیمتیں بڑھا سکتی ہیں ۔ پبلک سیکٹر کی تیل کمپنیوں نے رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ۔ کمرشیل گیس سلینڈر کی قیمتوں میں 105 روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔
دراصل روس ۔ یوکرین جنگ کے بعد کچے تیل کی بڑھتی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے تیل کمپنیاں کمرشیل گیس سلینڈر کے بعد اب گھریلو رسوئی گیس سلینڈر کے دام بھی بڑھا سکتی ہیں ۔ ابھی پانچ کلو کے رسوئی گیس سلینڈر کے دام بھی 27 روپے بڑھ گئے ہیں ۔ ایسے میں مانا جارہا ہے کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے بعد گھریلو گیس سلینڈر کے ساتھ ساتھ پٹرول ڈیزل کے دام بھی بڑھ سکتے ہیں ۔
ایک مارچ سے ہوئے اضافہ کے بعد راجدھانی دہلی میں کمرشیل سلینڈر کی قیمت 1907 سے بڑھ کر 2012 روپے فی سلینڈر ہوگئی ہے ۔ پانچ کلوگرام والے چھوٹے گیس سلینڈر کے دام 27 روپے بڑھ کر ۔۔۔ روپے ہوگئے ہیں ۔ کمپنیوں نے گھریلو گیس سلینڈر کی قیمتوں میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں ہے ۔ گھریلو گیس سلینڈر کی قیمت چھ اکتوبر 2021 کے بعد مستحکم ہیں ۔ ایسے میں الیکشن کے بعد دام بڑھ سکتے ہیں ۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی پچھلے 119 دنوں سے کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے ۔ مرکزی سرکار نے تین اکتوبر 2021 کو پٹرول پر پانچ اور ڈیزل پر دس روپے فی لیٹر ایکسائز ڈیوٹی میں کٹوتی کی تھی ۔ اس کے بعد کئی ریاستی سرکاروں نے بھی اپنا ٹیکس کم کیا تھا ۔ اس وقت بین الاقوامی بازار میں خام تیل کے دام اوسطا 82 ڈالر فی بیرل تھے ۔ روس اور یوکرین کی لڑائی میں کچے تیل کے دام 104 ڈالر کے پار پہنچ گئے ہیں ۔