ججاب تنازعہ: آج بھٹکل میں مسلم کمیونٹی نے کاروباری اداروں کو بند رکھ کربا حجاب طالبات سے کیا یکجہتی کا اظہار
01:59PM Wed 16 Mar, 2022
بھٹکل: 16 مارچ، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کرناٹک میں حجاب معاملہ پر ہائی کورٹ میں ایک طویل سماعت کے بعد کل منگل کے روز ہائی کورٹ نے اپنا فیصلہ سنا دیا تھا، جس میں حجاب کو اسلام کا لازمی جزء قرار نہ دیتے ہوئے اسکول اور کالجوں کے کلاس روم میں حجاب پر پابندی برقرار رکھی گئی تھی۔
اس فیصلے کے آنے کے بعد سے ہی مسلم حلقوں میں اس کو اسلامی شریعت کے مخالف فیصلہ قرار دیتے ہوئے ناخوشی کا اظہار کیا جارہا تھا اور اس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی تھی۔
بھٹکل میں بھی کل فیصلہ آنے کے بعد کئی مقامات پر دکانیں بند کرکے فیصلے کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا گیا اور اسے آئین میں دی گئی مذہبی آزادی کے خلاف قرار دیا گیا ۔ اس دوران مین روڈ پر پولس اہلکار دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر روکتے بھی دکھائی دیے جس کے بعد اس تعلق سے آج چار افراد پر مقدمہ بھی درج کیا گیا ۔
ان سب کے دوران بھٹکل مجلس اصلاح و تنظیم نے کل ایک اخباری کانفرنس منعقد کرکے ہائی کورٹ کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور اس پر افسوس کرتے ہوئے آج ایک دن کے لیے اپنی تمام سرگرمیوں کو بند رکھنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
اسی کے چلتے آج بھٹکل میں مسلمانوں سمیت دیگر کمیونٹی کے افراد نے بھی اپنے کاروبار بند رکھتے ہوئے ان طلبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ تنظیم کی جانب سے عصر بعد کاروباری اداروں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ۔
ادھر دوسری طرف حجاب تنازعہ پر ہائی کورٹ کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کل کرناٹک کی مسلم تنظیموں نے کرناٹک بند کی آواز دی ہے اور تمام مسلمانوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس بند کو صد فیصد کامیاب کریں ۔
واضح رہے کہ ہائی کورٹ سے فیصلہ آنے کے بعد اس کو چیلنج کرتے ہوئے مسلم طالبات نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے جس پر سپریم کورٹ ہولی کی چھٹیو ں کے بعد سماعت کرے گا۔




