جماعت المسلمین کے ہزار سالہ اجلاس  کے موقع پر منعقد ہورہا  ہے عظیم الشان کوئز مقابلہ: کچھ اس طرح سے ہیں کوئز کی تفصیلات

04:03PM Sat 17 Dec, 2022

بھٹکل : 17 دسمبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  جماعت المسلمین بھٹکل کے ہزار سے زائد سال مکمل ہونے پر  4 اور 5 جنوری ،2023 کو دو روزہ عظیم الشان اجلاس منعقد ہونے جارہا ہے جس میں مختلف طرح کے پروگرام منعقد ہوں گے۔  اس موقع پر جماعت اور بھٹکل سے جڑی چند اہم معلومات پر ایک کوئز بھی منعقد ہونے جارہا ہے جس میں جیتنے والوں کو گرانقدر انعامات سے نوازا جائے گا جبکہ عوامی گروپ میں اول انعام جیتنے والے خوش نصیب کو عمرہ ٹکٹ دی جائے گی۔اس کی اطلاع اجلاس کے کنوینر جناب مولانا الیاس صاحب جاکٹی ندوی نے دی ۔ وہ آج یہاں جماعت کے دفتر میں منعقد اخباری کانفرنس میں ہزار سالہ اجلاس کے  چیرمین جناب شفیع شابندری پٹیل اور جناب عبدالرحمٰن صاحب کے ہاتھوں کوئز کی  رونمائی  کے بعدمیڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس  کوئز میں قومی تاریخ اور شہر کی تاریخ میں دین کے تعلق سے جنہوں نے  بھی خدمات انجام دی ہیں ان میں سے عوام کے لیے135 سوالات ہیں جبکہ اسٹیج  پر ہونے والے طلبہ کے مقابلے کے لیے 175  سوالات  طے کیے گئے ہیں۔ کنوینر ثقافتی کمیٹی جناب عتیق الرحمٰن صاحب کی طرف سے دی گئی تفصیلات کے مطابق اس کوئز مسابقہ میں بھٹکل و اطراف کنداپور بشمول کنڈ لور وبسرور تا کمٹہ بشمول شراوتی ساحلی پٹی کا کوئی بھی فرد جس کی عمر دس سال یا اس سے زائد ہو انفرادی طور پر حصہ لے سکتا ہے۔ کوئز کے جوابات تحریری طور پر جماعت المسلمین جامع مسجد بھٹکل کے آفس میں پہنچ جانے چاہیے، بیرون بھٹکل اور بیرون ہند رہنے والے اپنے کسی عزیز کے واٹس آپ / یا ای میل سے جوابات روانہ کر کے اس کی پرنٹ نکلوا کر جماعت آفس میں جمع کریں۔ مختلف گروپوں میں الگ الگ انعامات دیے جائیں گے جن کی تفصیلات ذیل میں دی جارہی ہیں: انفرادی تحریری شرکت کے لیے مردوں وعورتوں کے مسابقہ کے لیے دو الگ الگ گروپ ہوں گے، مردوں اور عورتوں کے ہر گروپ میں دوم، سوم نمبر آنے والوں کو بالترتیب بیس ہزار اور پندرہ ہزار کے نقد انعامات دیے جائیں گے نیز دونوں گروپ میں چوتھی ، پانچویں، چھٹی اور ساتویں پوزیشن لینے والوں کو فی کس پانچ پانچ ہزار روپئے نقد انعامات دیے جائیں گے، البتہ مردوں اور عورتوں دونوں گروپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے کسی ایک مساہم کو اول انعام عمرہ ٹکٹ دیا جائے گا اور مقابل گروپ میں اول آنے والے کے لیے پچیس ہزار روپے کا نقد انعام ہوگا نمبرات یکساں ہونے کی صورت میں قرعہ نکالا جائے گا۔ مسابقہ میں انفرادی تحریری شرکت کے لیے ہائی اسکول یعنی دسویں تک اور کالج ومدارس کے طلبہ کا ایک الگ گروپ ہوگا اور اسی طرح ہائی اسکول و کالج ومدارس کی طالبات کا دوسرا الگ گروپ ہوگا ، ان میں ہر گروپ کے لیے الگ الگ اول، دوم اور سوم آنے والوں کو بالترتیب پندرہ ہزار ،دس ہزار اور آٹھ ہزار روپے کے نقد انعامات دیے جائیں گے۔ نمبرات یکساں ہونے کی صورت میں اس میں بھی قرعہ اندازی کے ذریعے انتخاب کیا جائے گا۔ ہزار سالہ جلسہ گاہ میں تین گروپ کے الگ الگ زبانی مقابلے ہوں گے، اسکولوں میں ہائی اسکول اور مدارس میں چہارم عربی تک کے صرف طلبہ کے لیے ایک گروپ،  کالج سے ڈگری کے طلبہ یا مدارس  میں پنجم عربی سے عالمیت تک کے طلبہ کے لیے دوسرا گروپ اور  بھٹکل کے سپورٹس سینٹروں کے  نمائندوں کا تیسر اگر وپ ہوگا (اسپورٹس سینٹر کے نمائندے سترہ سال سے زیادہ عمر کے نہ ہوں۔ جلسہ گاہ کے زبانی مقابلہ والے ہر گروپ میں اول دوم سوم اور چہارم آنے والوں کو بھی بالترتیب بیس ہزار، پندرہ ہزار ،دس ہزار اور پانچ ہزار روپے کے نقد انعامات دیے جائیں گے۔   جوابات موصول ہونے کی آخری تاریخ ۴ جمادی الاخریٰ مطابق 28 دسمبر ،2022 بروز بدھ قبل نماز مغرب بمقام جماعت آفس جامع مسجد بھٹکل (کرناٹک) ہے۔ کسی بھی گروپ میں زیادہ نمبرات لینے والے اگر ایک سے زائد ہوں تو قرعہ اندازی کے ذریعے انتخاب کیا جائے گا۔ جوابات اسی پرچےپر ہی لکھے جاسکتے ہیں یا الگ کاغذات پر سوال نمبر کا حوالہ دے کر بھی لکھے جاسکتے ہیں ۔ اسکولوں اور کالجس  و مدارس کے طلبہ وطالبات اپنے اپنے گروپ کے انفرادی مقابلوں میں حصہ لیں گے،  ان کے علاوہ دیگر لوگ مرد و خواتین عام زمرہ کے انفرادی مسابقہ میں حصہ لیں گے جس کی صراحت ان کو فارم میں کرنی ہوگی۔ فارم میں اپنا نام اور  پتہ لکھتے وقت طالب علم ہونے یانہ ہونے کی صراحت ضرور کریں۔ خواتین وطالبا ت   اپنے پتے کے ساتھ اپنا ذاتی موبائیل نمبر ہرگز  نہ لکھیں بلکہ اپنے والد، شوہر،بھائی، بیٹے یا کسی مرد سرپرست کا نمبر درج کریں تاکہ انعام کا حقدار ہونے پر ان کو اطلاع دی جاسکے۔ اس موقع پر جناب عبدالرحمٰن محتشم، نائب کنوینر مولانا حسین جوکاکو ندوی، مولانا شعیب ائیکری ندوی اور دیگر حضرات موجود تھے۔ کوئز کی نقل ذیل میں دی جارہی ہے۔ JAMATUL MUSLIMEEN QUIZ 2022