بھٹکل میں داخل ہوتے ہی شاہراہ پر ڈیوائیڈر تعمیر کرنے پر عوا م کا احتجاج: اے سی کو سونپا میمورنڈم

02:01PM Wed 29 Sep, 2021

بھٹکل:29 ستمبر،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  شرالی سے ہوتے ہوئے بھٹکل میں داخل ہوتے ہی شاہراہ پرتعمیر کیے جارہے ڈیوائیڈر کی مقامی  عوام کی جانب سے سخت  مخالفت ہورہی ہے۔ جس کی وجہ سے فی الحال تعمیری کام پر عارضی روک لگا دی گئی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ یہاں تین گنگنڈی کراس سے شاہراہ کے بیچ  سیمنٹ کی دیوار کھڑی کرنا حادثات اور خطرات کو دعوت دینا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے ایک طرف تو سڑک حادثات کے رونما ہونے کا خطرہ ہے تو دوسری طرف اس سے شہر کی خوبصورتی پر بھی اثر پڑتا ہے۔ مخالفت کرنے والے عوام کی طرف سے اسسٹنٹ کمشنر کو دیے گئے میمورنڈم میں مانگ کی گئی ہے کہ  یہاں سیمنٹ کی دیوار کی جگہ دوسرے شہروں کی طرح اسٹیل کی جالی یا چھوٹے سے گارڈن بنائے جائیں،  اس سے حادثات بھی کم ہوں گے اور شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے میمورنڈم وصول کرتے ہوئے  کہا کہ یہ معاملہ قومی شاہراہ کا ہے اور اس تعلق سے انہیں کسی بھی طرح کا اختیار نہیں ہے اس لیے وہ متعلقہ ذمہ داران تک عوام کی مانگوں کو رکھنے کی کوشش کریں گی۔