ملباگل میں نو تعمیر شدہ مسجد الفتح کا ایوب خطیب کی اذان کے ساتھ افتتاح

12:14PM Fri 16 Apr, 2021

بھٹکل: 16 اپریل،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بینگلور سے قریب سو کلومیٹر دوری پر واقع کولار ضلع کے ملباگل شہر میں نو تعمیر شدہ  مسجد الفتح کا افتتاح 11 اپریل  کو دوپہر کی اذان  کے ساتھ  ہواجس کے لئے بھٹکل سے جناب ایوب بن ناصر خطیب کو مدعو کیا گیا تھا اور ان ہی کی کانوں میں رس گھولتی سریلی آواز سے مسجد الفتح کا افتتاح عمل میں آیا ۔ مسجد الفتح اس علاقے کی عظیم ترین جامع مسجد ہے جسے ایک مخیر شخص نے مکمل اپنے خرچ سے تعمیر کیا ہے ۔ یاد رہے کہ ایوب خطیب وقفے وقفے سے  بھٹکل کی نور جمعہ مسجد میں اذان دیتے رہتے ہیں، اسی طرح بھٹکل کی دوسری مساجد میں بھی ان کی اذان گونجتی رہی ہے ۔ ان کی آواز ہو بہو مسجد الحرام  سے  گونجنے والی اذان  جیسی ہونے کی وجہ سے لوگ کافی پسند کرتے ہیں۔  حال ہی میں انہوں نے اُڈپی کی ایک مسجد میں بھی اذان دی تھی جس کا سوشیل میڈیا پر خوب چرچا ہوا تھا۔ مسجد کی کمیٹی والوں نے جناب ایوب خطیب صاحب کا پھولوں کے ہار سے اکرام کیا ۔