بھٹکل سمیت ہندوستان بھر میں عیدالاضحیٰ کا ہوا آغاز: دوگانہ کے بعد مسلمانوں نے پیش کی اللہ کے حضور قربانی

09:58AM Thu 29 Jun, 2023

بھٹکل: 29 جون، 2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) قربانی کے جذبے کے ساتھ آج ہندوستان بھر میں پورے تزک و احتشام کے ساتھ عید الاضحیٰ منائی جارہی ہے۔ آج صبح اللہ کی بارگاہ میں لاکھوں سر سجدے میں جھکے۔ اس کے ساتھ ہی حضرت ابراہیم  علیہ السلام کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہوئے اللہ کی بارگاہ میں قربانی دی  گئی جو اتوار کی عصر تک جاری رہے گی۔ اس سے قبل، ملک کی مساجد اور عید گاہوں میں لاکھوں مسلمانوں نے عیدالاضحی کی نماز ادا کی۔ بعد نماز مسلمانوں نے ملک میں امن و امان کے قیام اور بھائی چارے کے لیے اللہ کی بارگاہ میں رقت انگیز دعائیں بھی کیں۔ اس موقع پر بھٹکل میں شدید بارش کے سبب عیدگاہ کے بجائے جمعہ مساجد میں نماز ادا کی گئی۔ اطلاع کے مطابق بھٹکل جامع مسجد میں مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے امامت کرتے ہوئے عید کا خطبہ دیا جبکہ خلیفہ جامع مسجد میں مولانا شافع شابندری نے امامت و خطابت کے فرائض انجام دیے۔ اسی طرح نوائط کالونی تنظیم ملیہ مسجد میں مولانا انصار خطیب مدنی نے، مسجد مخدومیہ میں مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی نے، مسجد احمد سعدی میں مولانا جعفر فقیہ ندوی  نے، نور جمعہ مسجد میں مولانا امین رکن الدین نے اور مسجد ابوذر میں مولانا عبدالاحد فکردے ندوی نے عید کی دوگانہ کی امامت کرتے ہوئے عیدالاضحی کا پیغام عام مسلمانوں کے گوش گزار کیا۔ عیدالاضحی کی نماز کے بعد مسلمانوں نے ایک دوسرے کو گلے لگ کر مبارکباد دی۔