سابق چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس اے ایم احمدی کا انتقال، ملک کے قابل ذکر فیصلوں میں مرحوم کا رہا اہم کردار
12:16PM Thu 2 Mar, 2023

ہندوستان کے سابق چیف جسٹس جسٹس اے ایم احمدی (Justice AM Ahmadi) کا جمعرات کی صبح تقریباً 5 بجے انتقال ہوگیا۔ جسٹس احمدی 1932 میں سورت میں پیدا ہوئے۔ وہ 1964 میں سٹی سول اینڈ سیشن کورٹ احمد آباد کے جج مقرر ہوئے اور 1976 میں گجرات ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ انہیں دسمبر 1988 میں سپریم کورٹ میں ترقی دی گئی اور 1994 میں چیف جسٹس آف انڈیا کا عہدہ سنبھالا۔
جسٹس احمدی ایک جونیئر سول جج کے فرزند تھے اور انہوں نے اپنے ابتدائی کیرئیر کا ایک بڑا حصہ مختلف اضلاع اور تعلقہ جات میں گزارا۔ کچھ قابل ذکر فیصلوں میں ان کا اہم کردار رہا۔ ان میں اندرا ساہنی بنام یونین آف انڈیا اور اسماعیل فاروقی بمقابلہ یونین آف انڈیا شامل ہیں۔
نیشنل لیگل سروس اتھارٹھی کے مطابق جسٹس عزیز مشبر احمدی 25 مارچ 1932 کو گجرات کے شہر سورت میں پیدا ہوئے۔ مارچ 1964 میں سٹی سول اینڈ سیشن کورٹ، احمد آباد میں جج مقرر ہوئے۔ 2 ستمبر 1976 کو گجرات ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔
سال 1989 میں سپریم کورٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے صدر کے طور پر کام کیا اور 1 نومبر 1990 سے 24 اکتوبر 1994 تک ہندوستان میں قانونی امداد کی اسکیموں کو نافذ کرنے والی کمیٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین کے طور پر کام کیا۔
دو ستمبر 1976 کو انہیں گجرات ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔ وہیں انہوں نے کئی مشاورتی بورڈز کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں جیسے کہ فارن ایکسچینج کے تحفظ اور اسمگلنگ کی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ 1974 اور گجرات اسٹیٹ تھرڈ پے کمیشن کے تحت ایڈوائزری بورڈ میں بھی وہ شریک رہے۔ دسمبر 1988 میں انہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔
سپریم کورٹ میں رہتے ہوئے جسٹس احمدی نے سپریم کورٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے صدر اور ہندوستان میں قانونی امداد کی اسکیموں کو نافذ کرنے والی کمیٹی میں ایک ایگزیکٹو چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔
25 اکتوبر 1994 کو چیف جسٹس احمدی ہندوستان کے 26 ویں چیف جسٹس بنے اور 24 مارچ 1997 کو اپنی ریٹائرمنٹ تک اس عہدے پر خدمات انجام دیتے رہے۔
سابق چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس عزیز مشبر احمدی نے 25 اکتوبر 1994 سے لے کر 24 مارچ 1997 کو اپنی ریٹائرمنٹ تک چیف جسٹس آف انڈیا کے طور پر خدمات انجام دیں۔