جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں جنوبی ہند سطح پر مدارس کے مابین مختلف پروگراموں کا ہورہا ہے انعقاد:کل بدھ کی صبح ہوگی دو روزہ مقابلوں کی افتتاحی نشست
04:02PM Tue 29 Nov, 2022
بھٹکل : 29 نومبر،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے طلبہ کی انجمن اللجنۃ العربیۃ کے زیر اہتمام 30 نومبر و یکم دسمبر 2022ء بروز بدھ و جمعرات جنوبی ہند کی سطح پر مدارس کے مابین مختلف مقابلوں کے پروگرام کا انعقا د ہورہا ہے جس میں مناقشہ، اجتماعی قراءت اور اسلامی ترانے کے مقابلے ہونگے اور ان میں اول، دوم، سوم آنے والوں کو گرانقدر انعامات کے ساتھ ساتھ جملہ مساہمین کو بھی تشجیعی انعامات سے نوازا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق یہ مقابلہ طلبہ کی تعلیمی و ثقافتی بیداری کی غرض سے منعقد کیا جارہا ہے۔ اس مسابقے میں دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو کے استاد وپندرہ روزہ عربی مجلہ الرّائد کے مدیر حضرت مولانا سید جعفر مسعود صاحب حسنی ندوی بطور مہمان خصوصی تشریف لائیں گے۔
واضح رہے کہ اس مسابقے میں کرناٹک سمیت گوا، مہاراشٹرا، کیرلا، تمل ناڈو، آندھرا پردیش (حیدرآباد، تلنگانہ) اور گجرات کے مدارس کے طلبہ حصہ لیں گے۔
اطلاع کے مطابق اس مسابقے کی افتتاحی نشست مؤرخہ 5 جمادی الاولی 1444ھ مطابق 30 نومبر 2022ء بروز بدھ بوقت صبح ساڑھے نو (9:30) بجے دارالعلوم کے صحن میں منعقد ہوگی جس کے بعد مسابقہ کی پہلی نشست صبح پونے گیارہ (10:45) بجے سے دوپہر دو (2:00) بجے تک چلے گی۔ وقفہ کے بعد دوسری نشست کا آغاز بعد نماز عشاء ساڑھے آٹھ بجے (8:30) ہوگا۔
دوسرے دن تیسری نشست صبح ساڑھے نو (9:30) بجے شروع ہوگی اور ظہر کے بعد بھی جاری رہے گی۔ جبکہ مسابقے کی آخری نشست بعد نماز عشاء ساڑھے آٹھ (8:30) بجے شروع ہوگی۔
ان تمام نشستوں میں جامعہ اسلامیہ اور اس کے جملہ مکاتب کا وقفہ وقفہ سے دلچسپ پروگرام بھی منعقد ہوگا۔جلسہ کے اختتام پر مسابقہ کے نتائج و انعامات کے ساتھ ساتھ جامعہ کے سابقہ تین سالوں کے ممتاز طلبہ کو بھی ایوارڈ سے نوازا جائےگا۔
ذمہ داران جامعہ نے احباب سے اس اجلاس میں شرکت کی پرخلوص گذارش کی ہے۔