بھارت: سود کی شرح میں کمی کا اعلان
08:29AM Wed 30 Jan, 2013
بھارت: سود کی شرح میں کمی کا اعلان
بھارت کے مرکزی بینک ’ریزرو بینک آف انڈیا‘ نے گذشتہ نو ماہ میں پہلی بار شرح سود میں کمی کا اعلان کیا ہے جس سے ملک کی معیشت کی رفتار تیز ہونے کی توقع ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ بینک نے رواں مالی سال میں معاشی ترقی کی پہلے سے تعین شدہ رفتار میں بھی کمی کا اعلان کیا ہے۔
ریزرو بینک نے مختصر مدت کے قرضے لینے کی شرح ریپو ریٹ میں آٹھ فیصد میں سے 0.25 فیصد کی کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گذشتہ جولائی اور ستمبر کی سہ ماہی میں بھارتی معیشت کی ترقی کی شرح پچھلے تین سالوں میں کم ترین سطح پر پہنچ گئی تھی تبھی سے ریزرو بینک پر قرضے کی شرح میں کمی کرنے کا دباؤ بڑھ رہا تھا۔
لیکن افراطِ زر کی بڑھتی شرحوں کے سبب بینک سود کی شرح میں کمی کرنے سے منع کرتا رہا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے بازار میں ہلچل پیدا ہوگي جس سے سست پڑتی ہوئی معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔
لیکن اس طرح کے فیصلے سے افراطِ زر کی شرحیں بڑھنے کا اندیشہ رہتا ہے جس پر قابو پانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ملک میں بے قابو مہنگائی سے پریشان ہوکر ریزرو بینک نے مارچ دو ہزار دس کے بعد سے 13 مرتبہ سود کی شرح میں اضافہ کیا تھا۔لیکن افراطِ زر کو چار سے پانچ فیصد کے درمیان لانے کی تمام کوششیں ناکام رہیں اور اقتصادی ترقی کی رفتار خطرناک حد تک سست ہوگئی۔
بینک نے اپنے فیصلے میں کیش ریزرو کی شرح میں بھی کمی کا اعلان کیا ہے۔ سي آر آر میں میں 0.25 فیصد کی کمی کر کے اسےاب صرف چار فیصد کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے بازار میں 18 ہزار کروڑ روپے کی رقم بڑھنے کا امکان ہے۔
بینک نے اپنے جائزے میں کہا ہے کہ روال مالی سال میں اقتصادی ترقی کی شرح پہلے سے کیے گئے تخمینے سے کم ہونے کی توقع ہے اور نئے اندازے کے مطابق یہ 5.5 فیصد ہوگی۔
بینک کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گيا ہے کہ ’حکومت کی طرف معیشت کی بحالی کے لیے جو اقدامات کیے گئے ہیں اس سے بازار میں تیزی تو آئی ہے لیکن سرمایہ کاری میں ہونے والی کمی اور سست روی کی شکار معاشی ترقی کی رفتار کی بحالی میں ابھی وقت لگے گا۔‘
بینک کے مطابق انھی خدشات کے پیشِ نظر 2012 اور 2013 کی شرحِ نمو کی رفتار 5.8 کی بجائے 5.5 فیصد کر دی گئی ہے۔
BBC