نہیں تھم رہا ہے ریاست میں حجاب مخالف وائرس : اب منی پال کے ایم جی ایم کالج میں اٹھا حجاب پر تنازع
02:11PM Mon 7 Feb, 2022

اڈپی : 7 فروری 22 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست کرناٹک میں حجاب پہن کر کالج میں جانے کا مسئلہ وائرس کی طرح ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتا جارہا ہے اور سرکاری کالج کے بعد یکے بعد دیگرے اب نجی کالج بھی اس کی لیپٹ میں آرہی ہیں۔
تازہ واقعہ آج منی پال کے ایم جی ایم کالج میں سامنے آیا جہاں کی ہندو طالبات نے انتظامیہ سے مسلم طالبات کا پردہ ہٹانے کی مانگ کی ۔اس موقع پر کالج کی ہندو طالبات نے خبردار کیا کہ اگر مسلم طالبات حجاب پہنیں گی تو وہ بھی زعفرانی شالیں پہن کر کالج آئیں گی۔ انہوں نے اس موقع پر ریاستی حکومت کی طرف سے اسکول اور کالج کے احاطے میں حجاب نہ پہننے کے حالیہ قانون کا حوالہ دیا اور انتظامیہ سے کہا کہ وہ مسلم طالبات کو اس قانون کا پابند بنائیں ۔
اس نئے مسئلہ کے بعد کالج کے پرنسپل نے دونوں گروپوں کی طالبات کے ساتھ بیٹھک کی اور مسلم طالبات سے کہا کہ وہ 8 فروری سے کلاس روم میں داخل ہوتے وقت اپنا حجاب اتار دیں۔
ہندو طالبات نے متنبہ کیا ہے کہ اگر مسلم طالبات اپنا حجاب نہیں اتاریں گی تو وہ زعفرانی شال، دھوتی اور مالا بھی پہنیں گی۔