اتر کینرا کے ڈی سی کے بعد اب ایس پی ڈاکٹر سومن پنیکر کا بھی ہوا تبادلہ: وشنو وردھن ہونگے ضلع کے نئے ایس پی

03:00PM Thu 3 Nov, 2022

کاروار: 03 نومبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  کچھ دنوں پہلے ضلع کے ڈی سی مولئی مہیلن کے تبادلے کے بعد اب اتر کینرا  ضلع کی سپرنٹنڈنٹ آف پولس (ایس پی) ڈاکٹر سومن ڈی پینکر کے تبادلہ کا فرمان صادر ہوا ہے اور ان  کی جگہ  اب این  وشنو وردھن  کو ضلع اتر کینرا کا نیا ایس پی مقرر کیا گیا ہے ۔ اطلاع کے مطابق این وشنو وردھن 2012 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں وہ اب تک  بینگلور میں انٹلیجنس میں ایس پی کی خدمات انجام دے رہے تھے۔ جبکہ اس سے قبل وہ اڈپی ضلع کے ایس پی بھی تھے۔ بتایا گیا ہے کہ 2013 بیچ کی آئی پی ایس افسر ڈاکٹر سومن ڈی پنیکر کا بطور سی آئی ڈی ایس پی  تبادلہ کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ڈاکٹر سومن نے اتر کینرا میں 31 اکتوبر،2021 کو ایس پی کا عہدہ سنبھالا تھا اور اس وقت سے انہوں نے ایک اہل اور فرض شناس اعلیٰ پولیس آفیسر کے طور پر کام کرتے ہوئے عوام کے دل میں جگہ  بنا لی  تھی،  لیکن  چونکہ ایس پی کی حیثیت سے ڈاکٹر سومن اپنے محکمہ کے دیگر افسران کو اعتماد میں لیتے ہوئے ضلع میں جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں پر لگام لگانے کے لئے کچھ زیادہ  ہی سختی سے کام لے رہی تھیں اس لیے یہ چیز کچھ با رسوخ لوگوں کی آنکھوں کا کانٹا بنی ہوئی  تھی اور ادھر کچھ مہینوں سے ڈپٹی کمشنر اور  انہیں ہٹانے کی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں۔ کہا جارہا تھا کہ ان کا ایک سال مکمل ہوتے ہی انہیں ٹرانسفر کیا جائے گا۔ ان دونوں کے تبادلے کے بعد عوام کا ماننا ہے کہ ضلع میں موجود سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئے ہیں۔