بھٹکل جامعہ آباد روڈ پر راستے پر بکھر رہا کچروں کا ڈھیر: عوامی صحت کا خیال کرتے ہوئے انتظامیہ کو فوری حرکت میں آنے کی ضرورت
02:26PM Sun 22 Aug, 2021

بھٹکل: 22 اگست، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ہیبلے پنچایت حدود میں آنے والے بھٹکل جامعہ آباد روڈ ابوبکر صدیق مسجد کے مقابل سڑک پر کچروں کے ڈھیر کا مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔ عوام اور محلے کے ذمہ داران کی طرف سے بار بار کی شکایت کے باوجود انتظامیہ اس کا مستقل حل ڈھونڈ نہیں پارہی ہے۔
ابھی کچھ دنوں سے یہاں کچروں کی مقدار بہت ہی زیادہ بڑھ جانے سے صبح ہونے تک پوری سڑک کچروں سے بھری جارہی ہے اور جگہ جگہ گندگی اور تعفن کی وجہ سے ایک تو لوگوں کا چلنا پھرنا اور گاڑیوں کا گزرنا مشکل ہوگیا ہے تو دوسری طرف قریبی مکینوں میں صحت کو لے کر تشویش پیدا ہورہی ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ اس تعلق سے ہیبلے گرام پنچایت سمیت اسسٹنٹ کمشنر کو بھی میمورنڈم سونپا گیا ہے لیکن سبھی کی طرف سے کچرا پھینکنے کی جگہ نہ ہونے کا عذر پیش کرکے معاملہ کو دبا دیا جاتا ہے ۔ عوام کا سوال ہے کہ عوامی صحت کو لے کر فکر مند انتظامیہ کو آخر یہ مسئلہ کیوں نظر نہیں آرہا ہے اور کیوں سوچھ بھارت کا نعرہ لگانے والے اس مسئلہ کو حل نہیں کر پا رہے ہیں؟۔عوام کا سوال ہے کہ اب تو اسکولوں کا بھی آغاز ہوچکا ہے اور اس سڑک سے ہوکر کئی اسکولی بچے اب روزانہ جانے والے ہیں ۔ اگر وہ بھی اس متعفن ماحول سے ہوکر گزریں گے تو ان کی صحت کا ذمہ دار کون ہوگا ؟۔
عوام نے انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ عوام اور بچوں کی صحت کا خیال کرتے ہوئے اس مسئلہ کو ترجیحی بنیاد پر مستقل طور پر حل کرنے کی کوشش کرے تاکہ اس سے بیماریاں بھی نہ پھیلیں اور شہر کی خوبصورتی بھی باقی رہے۔
واضح رہے کہ ہیبلے پنچایت حدود میں گھر گھر کچرا اٹھانے والی گاڑی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے عوام کچروں کو راستے کنارے پھینکنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ جس کے لیے پنچایت سے پوچھے جانے پر ہمیشہ کچرا پھینکنے کے لیے جگہ نہ ہونے کا عذر دیا جاتا رہا ہے ۔



