ایفل ٹاور کو بم سے اڑانے کی ملی دھمکی، خالی کرایا گیا علاقہ، بم ڈسپوزل دستہ آیا حرکت میں

02:45PM Sat 12 Aug, 2023

پیرس : فرانس کے دارالحکومت پیرس کی سب سے اہم علامت ایفل ٹاور کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ ہفتے کے روز موصول ہوئی اس دھمکی کے بعد جاری سکیورٹی وارننگ کے باعث وسطی پیرس میں واقع ایفل ٹاور کی تین منزلیں خالی کرا دی گئی ہیں۔ دوسری جانب سی این این کی رپورٹ کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ کی ایک ٹیم تحقیقات کے لئے موقع پر پہنچ گئی ہے۔ ایفل ٹاور دنیا کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے، جس نے گزشتہ سال ہی 6.2 ملین سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ حالانکہ دوپہر 1:30 بجے (11:30 IST) کے فوراً بعد سیاحوں کو تینوں منزلوں اور یادگار کے نیچے چوک سے ہٹا دیا گیا۔
اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس مقام کو چلانے والی تنظیم SETE نے کہا کہ بم ڈسپوزل ایکسپرٹس کے ساتھ ساتھ پولیس بھی ایک منزل پر واقع ایک ریستوراں سمیت پورے علاقے کی تلاشی لے رہی ہے۔ SETE کے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال میں یہ ایک عام طریقہ کار ہے، جو کہ شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔
بتادیں کہ ایفل ٹاور کے جنوبی ستون کے بالکل نیچے ایک پولیس اسٹیشن ہے اور افسران کمپلیکس میں داخل ہونے سے پہلے سبھی سیاحوں کی ویڈیو مانیٹرنگ اور سیکیورٹی چیکنگ کرتے ہیں۔