اتر کینرا میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک ہزار کے پار: آج ایک ہی دن میں کورونا کے 115 نئے معاملات
12:53PM Sat 18 Jul, 2020
کاروار: 18 جولائ 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اترکینرا میں آج کورونا کوڈ 19 کے ایک ہی دن میں سب سے زیادہ 115 معاملات سامنے آئے ہیں جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری ہیلتھ بلٹین کے مطابق آج سب سے زیادہ 52 معاملات ہلیال۔ڈانڈیلی سے سامنے آئے ہیں۔ ان کے علاوہ آج کاروار سے 11 معاملات، بھٹکل سے 10، منڈگوڈ سے 9، انکولہ اور کمٹہ سے آٹھ آٹھ معاملات، سرسی سے 7، ہوناور سے 6، سداپور سے 3 اور یلاپور سے ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔
ان نئے معاملات کے بعد اترکینرا میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک ہزار کے پار کر گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہاں اب تک کورونا کے 1016 معاملات پائے گئے ہیں جن میں سے اب تک 346 مریضوں کو ڈسچارج کیا جاچکا ہے جبکہ 660 مریض زیرعلاج ہیں اور دس افراد اس مرض کی وجہ سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
تعلقہ میں بھٹکل کی بات کی جائے تو یہاں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ صحت یاب ہوکر لوٹنے والوں کی تعداد بھی یہاں اچھی خاصی ہے۔ اطلاع کے مطابق کل جمعہ کو یہاں کے ویمن سینٹر میں واقع کورونا کیر سینٹر سے 63 افراد اور بھٹکل سرکاری اسپتال میں زیر علاج 14 افراد کو ڈسچارج کیا گیا تھا جبکہ آج بھی 12 افراد صحت مند ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں۔