دسمبر تک کورونا ویکسین آنے کی امید، لیکن 'دوسری لہر' کے لیے رہیں تیار: ایمس ڈائریکٹر
12:39PM Sun 6 Sep, 2020
لوگوں کو کورونا ویکسین کا بے صبری سے انتظار ہے، لیکن دسمبر سے پہلے ہندوستان میں ویکسین کا انتظار ختم ہوتا ہوا معلوم نہیں پڑ رہا ہے۔ ایمس کے ڈائریکٹر سندیپ گلیریا نے بھی اس سلسلے میں واضح کر دیا ہے کہ کورونا ویکسین دسمبر کے آخر تک ہی آ پائے گا۔ لیکن سب سے اہم بات جو انھوں نے کہی ہے وہ یہ ہے کہ 2021 میں بھی یہ عالمی وبا اپنا اثر جاری رکھے گی۔ سندیپ گلیریا نے ساتھ ہی یہ بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دہلی سمیت ملک کے کچھ حصوں میں کورونا انفیکشن کی 'دوسری لہر' کا حملہ ہو سکتا ہے جس کے لیے لوگوں کو تیار رہنا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر رندیپ گلیریا ایمس ڈائریکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت کی 'کووڈ-19 ٹاسک فورس' کے اہم رکن بھی ہیں، اس لیے ان کا بیان کافی اہمیت رکھتا ہے۔ انھوں نے ایک انگریزی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ "ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ وبا 2021 تک نہیں جائے گی، لیکن ہم یہ ضرور کہہ سکتے ہیں کہ بڑی تیزی سے بڑھنے کی جگہ گھماؤ فلیٹ ہو چکا ہوگا۔ اگلے سال کی شروعات میں ہمیں یہ کہنے کی حالت میں ہونا چاہئے کہ وبا ختم ہو رہی ہے۔"
ڈاکٹر گلیریا کا کہنا ہے کہ کورونا معاملوں میں دوبارہ عروج دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ملک کے کچھ حصوں میں کورونا کی دوسری لہر جیسا کچھ نظر آ رہا ہے۔ انفیکشن میں عروج کے دو اہم اسباب ہیں، ایک تو یہ کہ کورونا ٹیسٹنگ میں اضافہ ہوا ہے، اور دوسرا یہ کہ کئی لوگ شرائط و ضوابط پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔
کورونا ویکسین کے تعلق سے ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے کہا کہ اس سال کے آخر تک ہم اس کی امید کر سکتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ "ہندوستان میں تین سودیشی سمیت کئی غیر ملکی ویکسین پر کام جاری ہے۔ لیکن کسی بھی ویکسین کے لیے محفوظ ہونا سب سے اہم ہے۔ ویکسین بننے میں ابھی کچھ مزید مہینے لگیں گے۔ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو اس سال کے آخر تک ویکسین تیار ہو جائے گی۔"