یوم آزادی کی تقریبات میں کورونا مہاماری کے دوران انجام دی گئیں تنظیم کی خدمات کو نظر انداز کرنے پر ذمہ داران نے جتائی ناراضگی

04:48PM Sat 15 Aug, 2020

بھٹکل: 15 اگست، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کورونا کی مہاماری اور لاک ڈاؤن جیسی صورت حال میں مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے جو خدمات انجام دی گئیں ہیں وہ کسی سے چھپی نہیں ہیں۔ یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ تنظیم کی ان خدمات کی وجہ سے تعلقہ اور ضلع انتظامیہ کا ایک بڑا بوجھ ہلکا ہوگیا تھا اور حالات کو جلد سدھرنے میں کافی مدد ملی تھی۔ ان سب کے باوجود آج یوم آزادی کی تقریبات کے لیے تعلقہ اسٹیڈیم نوائط کالونی میں منعقد عوامی پروگرام میں ہوئے خطابات میں تنظیم کی خدمات کا کہیں بھی تذکرہ نہ ہونے اور تنظیم کا نام نہ آنے پر مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران نے انتظامیہ پر کافی ناراضگی جتائی اور آخر میں دیے جانے والے ایوارڈ کا بھی بائیکاٹ کیا۔ تنظیم کے ذمہ داران نے تعلقہ انتظامیہ پر اس سلسلہ میں بے رخی اور غفلت برتنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے ذمہ داران اور اس کے رضاکاران نے اس مہاماری کے دور میں اپنی جان پر کھیل کر خدمت انجام دی ہے اور بھٹکل میں ہی کوڈ کیر سینٹر اور دیگر سہولتیں فراہم کرکے دوسرے شہر والوں کے لیے ایک مثال قائم کردی ہے، لیکن تعلقہ افسران کی طرف سے اپنی تقریروں میں تنظیم کی خدمات کا اعتراف نہ کرنا تنظیم جیسے صد سالہ تاریخ رکھنے والے قدیم ادارے کو نظر انداز کرنا ہے جو کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے۔ اس سے ادارہ کا وقار مجروح ہوگیا ہے اور ذمہ داران کو دلی ٹھیس پہنچی ہے جس کی وجہ سے ہم یہ ایوارڈ بھی قبول نہیں کر رہے ہیں۔ اس دوران اے ایس پی نکھل بلاور نے ذمہ داران کو منانے کی کوشش کی لیکن ذمہ داران نے آخر تک بھی ایوارڈ لینے سے انکار کیا۔