عید الاضحیٰ کی مناسبت سے بی ایم جے قطر کا آن لائن گیٹ ٹو گیدر

06:42AM Mon 3 Aug, 2020

بھٹکل: 3 اگست،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو/راست) عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے بھٹکل مسلم جماعت قطر کی جانب سے آن لائن گیٹ ٹو گیدر پروگرام منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں ممبران اور دیگر حضرات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے انجمن حامئی مسلمین کے صدر جناب مزمل قاضیا اور جامع مسجد بھٹکل کے امام و خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی صاحب بھی بھٹکل سے پروگرام میں جڑے ہوئے تھے۔ اس موقع پر مولانا عبدالعلیم خطیب صاحب نے جماعت کی جانب سے منعقد اس آن لائن سیشن کی سراہنا کی اور کہا کہ ان حالات میں بھی جماعت کی طرف سے آن لائن ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے سب کو یکجٹ کرنا بڑی بات ہے۔ انہوں نے اس موقع پر رزق حلال کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے احادیث کی روشنی میں اس کی فضیلت بیان کی۔ صدر انجمن جناب مزمل قاضیا نے اس موقع پر انجمن میں ہورہی سرگرمیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے آگے انجمن کی ترقی کے لیے ہونے والے کاموں کا بھی ذکر کیا۔ اس کے علاوہ اس سیشن میں خلیج کونسل کے صدر زاہد رکن الدین صاحب، الطاف مصبا صاحب، ریحان کوبٹے صاحب، قمر سعدا صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بھٹکل سے مشہور شاعر سمیع اللہ برماور صاحب اور نوفل دامودی صاحب نے اپنا کلام سناکر سامعین کو خوب محظوظ کیا جبکہ بچوں نے قرآت، نعت اور تقریروں کے ذریعے پروگرام کو زینت بخشی۔ پروگرام کا اختتام بی ایم جے قطر کے صدر جناب محمد زبیر خلیفہ کے شکریہ کلمات پر ہوا۔