ٹاٹا سنس کے سابق چیئرمین Cyrus Mistry کی ممبئی کے پاس سڑک حادثہ میں موت

03:03PM Sun 4 Sep, 2022

ممبئی : ٹاٹا سنس کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی اتوار کو ممبئی کے پاس ایک سڑک حادثہ میں موت ہوگئی ۔ کار میں کل چار افراد سوار تھے ۔ سائرس کے ساتھ ایک اور شخص کی موت ہوئی ہے جبکہ دو دیگر بری طرح سے زخمی ہیں ۔ زخمیوں کو علاج کیلئے گجرات کے واپی اسپتال لے جایا گیا ہے ۔ یہ حادثہ ممبئی ۔ احمد آباد نیشنل ہائی وے پر سوریہ ندی چروٹی پل پر پیش آیا ۔ دراصل سائرس مستری اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ احمد آباد سے ممبئی آرہے تھے ۔ اسی دوران پالگھر کے پاس سڑک حادثہ میں ان کی موت ہوگئی ۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مستری کی کار ممبئی کے قریب پالگھر ضلع میں ایک ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی ، اس وقت مستری مرسڈیز کار میں احمد آباد سے ممبئی لوٹ رہے تھے ۔ پولیس افسر نے کہا کہ یہ حادثہ شام تقریبا سوا تین بجے پیش آیا ۔ مستری احمد آباد سے ممبئی کی جانب جارہے تھے۔ یہ حادثہ سوریہ ندی پر بنے پل پر پیش آیا ۔ ایسا لگ رہا ہے کہ یہ ایک حادثہ ہے ۔ اس حادثہ میں مستری کے ساتھ سفر کررہے دو دیگر لوگ زخمی ہوئے ہیں، جن میں کار ڈرائیور بھی شامل ہے ۔ سبھی زخمیوں کو گجرات کے ایک اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔ پولیس افسر کے مطابق حادثہ کے بارے میں زیادہ جانکاری زخمیوں سے حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ سائرس پلونجی مستری ایک کاروباری تھی، جو 28 دسمبر 2012 کو ٹاٹا گروپ کے چیئرمین بنے تھے ۔ بعد میں ٹاٹا گروپ نے 24 اکتوبر 2016 کو سائرس مستری کو چیئرمین کے عہدہ سے ہٹا دیا تھا ۔