CYBER ATTACK : بل گیٹس ، اوبامہ ، وارین بفے اور ایپل سمیت کئی سرکردہ شخصیات کے ٹویٹر اکاونٹ ہیک
06:34AM Thu 16 Jul, 2020
امریکہ میں کئی سرکردہ شخصیات کے ٹویٹر اکاونٹ ہیک کر لئے گئے ہیں ، ان میں امریکہ کے سابق صدر براک اوبامہ ، مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ، دنیا کے سب سے امیر اور انویسٹمنٹ گرو وارین بفے بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں امیدوار جو بائیڈن کا ٹویٹر اکاونٹ بھی ہیک کرلیا گیا ہے ۔ آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل بھی اس سائبر حملہ کی شکار ہوئی ہے ۔
خبروں کے مطابق بٹ کوائن گھوٹالہ سے وابستہ ٹویٹ کئے جارہے ہیں ۔ ان سرکردہ شخصیات کو بٹ کوائن میں عطیہ کرنے کیلئے کہا جارہا ہے ۔ ٹویٹر ہینڈل سے ٹویٹ کیا جارہا ہے کہ اگر وہ یہاں پیسہ لگاتے ہیں تو اس کو بی ٹی سی کھاتے میں دوگنا کردیا جائے گا ۔
ہیکروں نے مائیکرو سافٹ کے فاونڈر بل گیٹس کے ٹویٹر اکاونٹس سے ٹویٹ کیا : ہر کوئی مجھ سے واپس دینے کو کہہ رہا ہے اور اب وقت آگیا ہے ۔ میں اگلے 30 منٹ تک بی ٹی سی ایڈریس پر بھیجی گئی سبھی پیمنٹ کو دوگنا کررہا ہوں ، آپ ایک ہزار ڈالر بھیجئے اور میں آپ کو دو ہزار واپس بھیجوں گا ۔ بعد میں ان کے اکاونٹ سے اس میسیج کر ڈیلیٹ کردیا گیا ، لیکن اس کے کچھ دیر بعد کئی دیگر سرکردہ شخصیات کے اکاونٹ بھی ہیک ہونے لگے ۔
جانچ جاری
تھوڑی دیر کے بعد ٹویٹر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے اور اس بارے میں اپ ڈیٹ کردیا جائے گا ۔ ایسی بھی خبریں آرہی ہیں کہ اس ہیکنگ کے دوران کچھ ہی وقت میں سینکڑوں لوگوں نے ہیکڑوں کو لاکھوں ڈالر بھیج دئے ۔
سب سے بڑا حملہ !
نیوز ایجنسی رائٹرس کے مطابق حالیہ دنوں میں یہ سب سے بڑا سائبر حملہ ہے ۔ بٹ کوائن کے ذریعہ پیسے ڈبل کرنے کی پوسٹ پہلے بھی سوشل میڈیا پر نظر آتی تھی ، لیکن یہ پہلا موقع ہے جب سرکردہ ہستیوں کے اکاونٹ کو ہیک کرکے اس طرح کے میسیج پوسٹ کئے گئے ہوں ۔
کیا ہے بٹ کوائن ؟
بٹ کوائن ایک طرح سے ورچوئل کرنسی ہے ۔ یہ دیگر کرنسی جیسے ڈالر ، روپے یا پاونڈ کی طرح بھی استعمال کی جاسکتی ہے ۔ آن لائن ادائیگی کے علاوہ اس کو ڈالر اور دیگر کرنسی میں ایکسچینج بھی کیا جاسکتا ہے ۔ یہ کرنسی بٹ کوائن کے طور پر سال 2009 میں چلن میں آئی تھی ۔ آج اس کا استعمال گلوبل پیمنٹ کیلئے کیا جا رہا ہے ۔