بھٹکل میں یکم اپریل سے ٹرافک اصولوں کو توڑنے والوں کے خلاف سختی برتی جائے گی: بغیر ہیلمیٹ کے گاڑیاں چلانے پر ہوگی سخت کارروائی: بھٹکل ڈی وائی ایس پی

04:23PM Thu 25 Mar, 2021

بھٹکل: 25 مارچ، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں تیز رفتار گاڑیاں چلانے کے نتیجے میں ہونے والے  حادثات  کو دیکھتے ہوئے آئندہ ماہ سے ہیلمیٹ اور دیگر ٹرافک اصولوں کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے  گی اور ان پر بھاری جرمانہ لگایا جائے گا۔ ان چیزوں کی جانکاری آج بعد عصر   بھٹکل پولس تھانہ میں منعقد اخباری کانفرنس میں بھٹکل ڈی وائی ایس پی مسٹر بیلی ایپا  نے دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بھٹکل میں خاص  طور پر نوجوان طلبہ بغیر ہیلمیٹ پہنے گاڑیاں چلاتے ہیں،  انہیں چاہئے کہ وہ ہیلمیٹ کے ساتھ گاڑی چلائیں۔ ڈی ایس پی نے اس موقع پر گاڑیوں کی آوازوں کو بدلنے اور ہیڈ لائٹس میں بھی تبدیلی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بات کہی ۔ انہوں نے میڈیا کے توسط سے عوام سے درخواست کی کہ وہ ٹرافک کے اصولوں کی پابندی کریں اور پولس کے ساتھ تعاون کرنے والے بنیں ۔اس موقع پر سی پی آئی مسٹر دیواکر بھی موجود تھے۔