مدینہ ویلفئیر سوسائٹی کی جانب سے مدینہ تعلیمی ایوارڈ پروگرام کا انعقاد: جملہ 70 طلبہ کی تہنیت
11:39AM Sat 1 Oct, 2022

بھٹکل : یکم اکتوبر،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کل بتاریخ 30/ستمبر2022ء بروز جمعہ بعدنمازعشاء متصلامدینہ جمعہ مسجدمیں مدینہ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے مدینہ تعلیمی ایوارڈ پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام کا آغاز حافظ عبدالرحمن ابن مشتاق احمدصدیقہ کی تلاوت سے ہوا جس کے بعدحافظ عبدالہادی ابن مولانا محمدعرفان ایس ایم نے اپنی سریلی آواز میں نعتیہ کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔
اس موقع پر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد عرفان صاحب ندوی نےتعلیمی ایوارڈ کے تعلق سے اپنی سابقہ کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بچوں کے سرپرستوں کو تعلیم پرتوجہ دینے کی ترغیب دی اورایوارڈیافتہ تمام طلبہ کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔
جناب مولانا طلحہ صاحب نے طلبہ کومبارکبادیتے ہوئےکہا کہ تعلیمی میدان میں آپ سب کو خوب آگے بڑھناہے اورزندگی کے ہرمیدان میں خوب ترقی کرنے کی کوشش کرناہے۔سرپرستوں سے درخواست کی کہ تعلیم کے سلسلے میں بچوں پرخرچ کریں کیوں کہ یہ مصرف آپ کا ضائع نہیں ہوگا ۔ بلکہ دنیا وآخرت میں کامیابی کا سبب وذریعہ بنے گا۔
اجلاس کے خصوصی مہمان جناب مولانا عبدالنور صاحب فکردے نے موجودہ دور میں جوتعلیمی نظام ہے اس پرروشنی ڈالتے ہوئےکہاکہ آج دیومالائ تعلیم عام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بچوں کے ذہنوں کو بگاڑ کر انکے عقائد کوخراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس موقع پرہمیں اپنے بچوں کوایسی تعلیم دینے کی کوشش کر نی چاہئے جس سے ان کے ایمان اور اخلاق کی حفاظت ہو ۔
صدرسوسائیٹی پروفیسر ہاشم زرزری صاحب نے بچوں کے جوحالات ہیں اس پرتوجہ مبذول کرائی اور کہاکہ سوسائٹی کی اس روایت کوان شاء اللہ برقراررکھنے کوشش کی جائے گی۔ آپ کا تعاون رہے گا تویہ سلسلہ جاری بھی رہیگا اور ہمارے طلبہ حوصلہ افزائی کی وجہ تعلیمی میدان میں خوب ترقی کریں گے۔
آخرمیں جنرل سکریٹری نے مولانا عیاض صاحب رکن الدین اورشعبہ تعلیم کے کنوینر جناب مولانا عبدالسمیع صاحب کے تعاون تقسیم انعامات کی کارروائی انجام دی۔
خیال رہے کہ اس سال الحمدللہ جملہ ستر70طلبہ کے مابین انعامات تقسیم کئے گئے۔ انعام یافتہ طلبا2021ء اور2022کے ممتاز طلبہ تھے جن میں علماء، حفاظ، ایل ایل بی، بی کام ، پی یوسی اور دسویں جماعت کے طلبہ شامل تھے۔دعااور تواضع پر اس اجلاس کا اختتام ہوا۔


