یوکرین کے خار کیف میں جاری گولی باری میں کرناٹک کے طالب علم کی موت، وزارت خارجہ کاسخت رویہ
12:59PM Tue 1 Mar, 2022

نئی دہلی: یکم مارچ،2022 (ایجنسی) روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے دوران گولہ باری میں منگل کی صبح یوکرین کے خارکیف میں ایک ہندوستانی طالب علم کی موت ہو گئی ہے۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "ہم افسوس کے ساتھ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ آج صبح خارکیف میں گولہ باری سے ایک ہندوستانی طالب علم اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔ وزارت ان کے خاندان کے ساتھ رابطے میں ہے۔" انہوں نے یہ بھی کہا کہ "ہم خاندان کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔" واضح رہے کہ مہلوک طالب علم کا تعلق کرناٹک کے ہاویری ضلع کے چلگیری ہے جس کا نام نوین شیکھرپا بتایا گیا ہے۔
تاہم خارکیف گولہ باری میں ہندستانی طالب علم کی موت کے بعد بھارت نے روس اور یوکرین کے سفیروں کو طلب کیا ہے۔ ہندوستان نے خارکیف اور کشیدگی والے دیگر علاقوں سے ہندوستانیوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کی مانگ کو دہرایا ہے۔
خیال رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ جس میں عام شہری اور فوجی دونوں شامل ہیں۔ اس تنازع کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ اس معاملے پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ہنگامی بحث کے لیے ووٹ دیا گیا ہے۔ جو انتیس ووٹوں سے منظور ہوا۔ جبکہ ہندوستان سمیت تیرہ ممالک ووٹنگ سے دور رہے۔پانچ ممالک نے اس درخواست کے خلاف ووٹ دیا۔ ان میں روس، چین، اریٹیریا، کیوبا اور وینزویلا شامل ہیں۔ ہندوستان کے علاوہ جن ممالک نے ووٹنگ سے دوری بنائی ان میں آرمینیا، گیبون، کیمرون، قازقستان، موریطانیہ، نمیبیا، پاکستان، سینیگل، صومالیہ، سوڈان، متحدہ عرب امارات اور ازبکستان شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل روس ۔یوکرین جنگ پر اب جمعرات کو ایک فوری بحث کرے گی۔
یوکرین کی وزارت دفاع نے پیر کو شمال مشرقی یوکرین کے قصبے اوختیرکا پر روسی گولہ باری کے بعد کافوٹیج شیئر کیا ہے۔ فوٹیج میں ایک تباہ شدہ عمارت اور ملبہ دکھایا گیا ہے، جس میں امدادی کارکن ملبے کے نیچے سے ایک مردہ شخص کی لاش کو نکال رہے ہیں۔ نیوز ایجنسی کے مطابق روسی فوج کی جانب سے اوختیرکا میں ایک بیرک کو نشانہ بنایا گیا جو روس کی سرحد کے قریب سومی کے علاقے میں واقع ہے۔ یوکرین انتظامیہ کے مطابق اس حملے میں کم ازکم چھ شہری ہلاک اورمتعدد زخمی ہوئے ہیں۔