شیموگہ میں بجرنگ دل لیڈر پر حملہ کے بعد کچھ دیر کے لیے حالات  ہوئےکشیدہ: سنیچر تک شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ

03:40PM Thu 3 Dec, 2020

شیموگہ: 3 دسمبر،2020 (بھٹکلیس نیوز  بیورو) شیموگہ کے بی ایچ روڈ پر آج صبح بجرنگ دل کے لیڈر رکشہ ڈرائیور پر کچھ شر پسندوں کے حملے کے بعد وہاں کچھ دیر کے لیے حالات کشیدہ ہوگئے تھے لیکن شام ہوتے تک پولس کے اعلیٰ افسران نے حالات قابو میں کر لیے البتہ حالات کو پرامن رکھنے کے لیے پولس کی جانب سے ہفتہ کی صبح 12:00 بجے تک دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق بجرنگ دل کے سابق صدر ناگیش (28) پر چار شر پسندوں نے  آج صبح حملہ کیا تھا جس  میں ناگیش کے سر ،ناک  اور منھ پر گہرے زخم آئےتھے جس کے بعد اسے علاج کے لیے میٹرو ہاسپٹل میں داخل کیا گیاتھا۔تاہم اس کے بعد دوپہر کے وقت مسلم اکثریتی علاقوں میں موجود کچھ دکانوں میں توڑ پھوڑ کی وارداتیں پیش آئیں جس کے بعد حالات کچھ دیر کے لیے کشید ہ ہوگئے لیکن پولس نے بروقت پہنچ کر حالات کو قابو میں کر لیا ۔ اس سلسلہ میں پولس کے اعلی حکام بھی شیموگہ پہنچ چکے ہیں  انہوں نے عوام کو پر امن رہنے اور سوشیل میڈیا پر غلط خبریں پھیلانے سے گریز کرنے کی ہدایات دی ہیں۔