بھٹکل تعلقہ اسپتال میں کورونا مریضوں کے علاج کے لیے بھر پور انتظامات: نجی اسپتالوں میں پچاس بستر کویڈ مریضوں کو مختص کرنے ہونگے ضروری۔ بھٹکل میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصلدار کی پریس کانفرنس
06:13AM Tue 4 May, 2021
بھٹکل: 4 مئی،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر اور بھٹکل تحصلدار کی طرف سے کل ایک اخباری کانفرنس منعقد ہوئی تھی جس میں لاک ڈاؤن میں کھلی رہنے والی ضروری اشیاء کی دکانوں کے اوقات میں ہوئی تبدیلی کی جانکاری دیتے ہوئے بہت سی دوسری اہم باتیں بھی بیان کی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے ترمیم شدہ احکامات کے مطابق 2 مئی سے روز مرہ استعمال ہونے والی چیزوں کی دکانیں صبح 6 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ ترکاری اور پھلوں کی دکانیں صرف 10 بجے تک ہی کھلی رہ سکیں گی لیکن انہیں ٹھیلوں کے ذریعے شام 6 بجے تک سبزیاں، پھل وغیرہ فروخت کرنے کی اجازت رہے گی۔
انہوں نے کورونا کی دوسری لہر کے چلتے حکومت کی طرف سے نجی اسپتالوں کو پچاس بستر کورونا مریضوں کے لیے مختص کرنے کی بات کہی گئی ہے لہذا اس وجہ سے نجی اسپتالوں کو پچاس بیڈ کورونا مریضوں کے لیے خاص کرنے ہونگے اور متعلقہ اسپتال کو اس بارے میں جانکاری بھی ڈسپلے بورڈ پر دکھانی ہوگی۔انہوں نے اس موقع پر بھٹکل سرکاری اسپتال میں کویڈ کے لیے بھر پور انتظامات ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں فی الحال کورونا مریضوں کے لیے 52 آکسیجن بیڈ اور 12عام بیڈ کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ 18 جمبو آکسیجن سیلنڈر بھی اسپتال میں موجود ہیں۔جبکہ سونارکیری میں 48 بیڈ کا الگ سے انتظام کیا گیا ہے تاکہ کوئی گہما گہمی نہ ہوپائے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ کورونا کے تعلق سے کسی بھی طرح کی جانکاری حاصل کرنے کے لیے ہیلپ لائن نمبر 08385-226422 جاری کیا گیا ہے اس پر ڈائل کرکے لوگ معلومات حاصل کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کو روکنے کے لیے گھر گھر جاکر ہیلتھ سروے کیا جارہا ہے جس کے لیے اے سی نے ان کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
اس موقع پر تحصلدار روی چندرا بھی موجود تھے۔