کوچین شپ یارڈ کا کارگوبارج جہاز سے الگ ہوکر جالی کوڈی ساحل سے آلگا: بارج دیکھنے جالی ساحل پر لوگوں کا ہجوم

۰۶:۱۲شام منگل ۱۷ جون ۲۰۲۵

کوچین شپ یارڈ کا  کارگوبارج  جہاز سے الگ ہوکر  جالی کوڈی ساحل سے آلگا: بارج دیکھنے جالی ساحل پر لوگوں کا ہجوم

بھٹکل : 17 جون، 2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ساحلی کرناٹک میں گذشتہ کئی دنوں سے جاری بھاری بارش کی وجہ سے سمندر میں طوفانی لہریں اپنا اثر دکھا رہی ہیں،  اسی کے چلتے  بھٹکل جالی کوڈی کے ساحل پر آج صبح ماہی گیرایک لمبا چوڑا کارگو بارج دیکھ کر حیران و پریشان ہوگئے جس کے بعد انہوں نے اس کی اطلاع فوری طور پر ساحلی دستے کو دی ۔

اطلاع کے مطابق یہ کارگو بارج کوچین شپ یارڈ کمپنی  سے تعلق رکھتا ہے  اور کیرالہ سے ممبئی کی جانب جارہا تھا کہ  پیر کی شب تقریباً 8 بجے خراب موسم کے سبب یہ بارج جہاز سے  الگ ہو گیا۔اس تعلق سے  شپ یارڈ کمپنی کو مطلع کر دیا گیا  تھا جس کے بعد اُن کے ٹیم ممبران آج صبح  بھٹکل پہنچ چکے تھے۔

واقعے کی خبر عام ہوتے ہی جالی بیچ پر صبح سے اب تک لوگوں کی بھیڑ جمع ہورہی ہے جبکہ کوسٹل سیکیورٹی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ کر حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔