سابق وزیر اور رکن اسمبلی یوٹی قادر کرناٹک کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے نائب لیڈر مقرر

01:54PM Sun 30 Jan, 2022

مینگلورو: 30 جنوری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کانگریس ہائی کمان نے سابق وزیر اور موجودہ ایم ایل اے یو ٹی قادر کو کرناٹک اسمبلی میں کانگریس قانون ساز پارٹی کا نائب لیڈر مقرر کیا ہے۔اس سلسلے میں پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کی طرف سے جاری اعلامیہ میں اس کی خبر دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ یو ٹی قادر 2018 میں منگلورو حلقہ (اُلال) سے چوتھی بار ایم ایل اے کے طور پر منتخب ہوئے تھے۔ جبکہ اس سے قبل سدارامیا کی قیادت والی کانگریس حکومت میں وزیر صحت، ہاؤسنگ اور سول سپلائیز کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔وہ 2018 کے ریاستی انتخابات میں واحد کانگریسی ایم ایل اے تھے جو دکشن کینرا سے منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے اس عہدے کے لیے منتخب کیے جانے پر کانگریس قائدین سونیا گاندھی، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی، سدارامیا اور دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، ٹویٹ کیا ہے کہ اس عہدے پر تقرری ان کے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے۔ اس سے قبل 26 جنوری کو کانگریس ہائی کمان نے بی کے ہری پرساد کو کرناٹک قانون ساز کونسل میں کانگریس کا لیڈر مقرر کیا ہے۔