بھٹکل رحمت آباد میں    پیش  آئی چوری کی واردات : خالی مکان دیکھ الماری میں رکھے زیورات پر چوروں نے کیا ہاتھ صاف

02:33PM Fri 30 Sep, 2022

بھٹکل: 30 ستمبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل  جامعہ آباد روڈ، مسجد ابوبکر کے  پیچھے  کل رات چور ایک مکان کے پچھلے دروازے کو توڑ کر مکان میں داخل ہوئے اور ایک الماری کو توڑ کر  اس میں رکھے زیورات پر ہاتھ صاف کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ واردات گزشتہ رات عبدالعزیز عجائب کے مکان میں رات  09:00 بجے سے 12:00  کے درمیان پیش آئی ۔ بتایا گیا ہے کہ گھر والے اپنے کسی رشتہ دار کے گھر دعوت پر گئے ہوئے تھے اور اس  دوران تین گھنٹوں کے وقفے میں چوروں نے گھر والوں کی غیر موجودگی کو بھانپ لیا اور زیورات کی مخصوص الماری سے زیورات  اڑا کر لے گئے۔ ایک اندازے کے مطابق  چوروں نے آٹھ سے بارہ لاکھ کی مالیت کے زیورات پر ہاتھ صاف کیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل مضافاتی پولس جائے وقوع پر پہنچی اور مکان کا  جائزہ لیا جس کے بعد آج جمعہ کو کاروار سے ڈاگ اسکاڈ سمیت فنگر پرنٹس کے ماہرین کے ذریعے بھی جانچ کی گئی ۔اس موقع پر  سرکل پولس انسپکٹر مہابلیشور نائک، پی ایس آئی بھرت سمیت دیگر اہلکار بھی موجود   رہے۔