کیرلا میں رؤیت ہلال کے شواہد ملنے پر بھٹکل میں قاضی صاحبان کی طرف سے آج بروز پیر یکم صفر المظفر کا اعلان

02:36PM Mon 29 Aug, 2022

بھٹکل: 29 اگست،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کل بروز اتوار ماہ محرم الحرام 1444ھ کی 29 تاریخ تھی اور حسب معمول ماہ صفر المظفر کے چاند کے سلسلہ میں اطراف و اکناف سے رؤیت ہلال کی تحقیق کی جارہی تھی لیکن بھٹکل میں قاضی صاحبان کو کسی قسم کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔ آج اطلاع موصول ہوئی کہ کل کنور (کیرلا) کے تالی پرمبا علاقے میں صفر المظفر کے چاند کی رؤیت ہوئی تھی اور وہاں کے قاضی صاحب نے تحقیق و تفتیش کے بعد تالی پرمبا کی رؤیت تسلیم کرنے کا اعلان آج ظہر بعد کیا تھا۔ اسی بناء پر وہاں کے قاضی سے گفتگو کے بعد جماعت المسلمین بھٹکل اور مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی صاحبان نے صلاح و مشورے کے بعد ان کی رؤیت کو تسلیم کیا ہے اور آج مورخہ 29 اگست بروز پیر ماہ صفر المظفر 1444 ھ کی پہلی تاریخ قرار دی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس ماہ کو ہم سب کے لیے امن و سلامتی اور خیر و خوشی کا باعث بنائے۔ آمین