الامین تحریک کے روح رواں ڈاکٹر ممتاز احمد خان انتقال کر گئے
09:37AM Fri 28 May, 2021
بنگلورو: 28 مئی،2021 (ذرائع) ملک کے ممتاز ماہر تعلیمات جنوبی ہند کے سر سید کہلانے والے ڈاکٹر ممتاز احمد خان بروز جمعرات 27 مئی،2021 کی شب اس دار فانی سے دار بقاء کی طرف کوچ کر گئے، انہوں نے اپنی عمر کی 86 بہاریں دیکھیں۔ ذرائع کے مطابق مختصر علالت کے سبب ڈاکٹر ممتاز کچھ دن پہلے شہر کے ایچ بی ایس اسپتال میں زیر علاج تھے۔ انہوں نے اپنے گھر میں افراد خاندان کے درمیان کل شب اپنی آخری سانسیں لیں۔
ڈاکٹر ممتاز مرحوم کا شمار ملک میں بہترین تعلیمی و سماجی خدمات انجام دینے والی شخصیات میں کیا جاتا ہے۔ 6ستمبر،1935 کو ڈاکٹر صاحب کی پیدائش ایک تعلیم یافتہ گھرانے میں ہوئی۔انہوں نے 1963 میں ایم بی بی ایس کیا جس کے بعد 1966 میں صرف 31سال کی عمر میں ڈاکٹر ممتاز خان نے جنوبی ہند میں تعلیمی انقلاب پیدا کرنے والی تحریک الامین کا قیام کیا۔اس تحریک کے تحت ملک میں اس وقت 250 سے زائد ادارے چل رہے ہیں۔
آج بعد نماز جمعہ بنگلور میں ان کی تدفین عمل میں آئی۔
اللہ تعالیٰ ان کی بال بال مغفرت فرمائے ۔ ملک و ملت کو ان کا نعم البدل نصیب کرے اور ان کے گھر والوں کو صبر جمیل نصیب کرے۔آمین