یوکرین میں دو بڑے دھماکے، گیس پائپ لائن تباہ، ’جوہری بجلی گھر تاحال محفوظ‘
03:18PM Sun 27 Feb, 2022

کیف: روسی فوج نے اتوار کی صبح یوکرین کے واسلکیف میں ایک تیل کے ڈپو پر میزائل حملہ کیا اور خارکیف میں ایک گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا۔
سی این این کے مطابق پہلا دھماکہ یوکرین کے دارالحکومت کیف سے تقریباً 30 کلومیٹر جنوب میں واقع شہر واسلکیف میں ہوا۔ جہاں ایک بڑے فوجی ہوائی اڈے کے ساتھ ساتھ کئی ایندھن کے ٹینک بھی موجود ہیں۔ دوسرا دھماکہ یوکرین کے خارکیف میں ہوا جہاں روسی سکیورٹی فورسز نے قدرتی گیس کی پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا۔
یوکرین کی وزارت داخلہ کے مشیر اینٹون گیراشینکو نے ٹیلی گرام پر کہا ’’کے ایل او کمپنی کے آئل ڈپو کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ امدادی کارکن جائے حادثہ کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔ دھماکے میں کسی کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یہ طویل عرصے تک جلتا رہے گا اور ماحول کو شدید نقصان پہنچائے گا۔‘‘
دریں اثنا، بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانوف گروسی نے کہا ہے کہ روس کے خصوصی فوجی آپریشن کے دوران یوکرین کے جوہری بجلی گھر مستحکم اور معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ گروسی نے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ کسی بھی ایسی کارروائی سے گریز کریں جس سے یوکرین میں جوہری مقامات کی سلامتی کو خطرہ ہو۔
آئی اے ای اے نے واضح کیا کہ یوکرین کا اسٹیٹ نیوکلیئر ریگولیٹری انسپکٹوریٹ (ایس این آر آئی یو) ملک کے چاروں نیوکلیئر پاور سائٹس کے ساتھ باقاعدہ رابطہ رکھتا ہے، جن میں کل 15 ری ایکٹر ہیں۔ اس ہفتے کے شروع میں گروسی نے کہا کہ چرنوبل نیوکلیئر پاور پلانٹ میں تابکاری کی سطح کم ہے اور اس سے مقامی آبادی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔