ماسکو سے گوا آرہی فلائٹ میں ملی بم ہونے کی دھمکی: جام نگر میں کرائی گئی ایمرجنسی لینڈنگ

06:09AM Tue 10 Jan, 2023

احمد آباد۔ گوا ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو بم کی دھمکی ملنے کے بعد ماسکو-گوا چارٹرڈ فلائٹ کو گجرات کے جام نگر کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے پیر کو ہوائی اڈے کے اہلکار کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ گوا اے ٹی سی کو ای میل کے ذریعے طیارے میں بم کی دھمکی ملی تھی۔ جام نگر ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ماسکو-گوا چارٹرڈ فلائٹ میں سوار تمام 244 مسافروں کو رات تقریباً 9.49 بجے جہاز کے ہوائی اڈے پر بحفاظت اترنے کے بعد اتار لیا گیا۔ ادھر روس کی سرکاری میڈیا نے بھی واقعے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے شہری ہوا بازی کی مرکزی وزارت کے حوالے سے لکھا، ’’ماسکو سے گوا جانے والی Azur ایئر کی پرواز کو دھماکہ خیز ڈیوائس کی اطلاع کے بعد ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی‘‘ طیارے نے پیر کی رات گجرات کے جام نگر میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس (راجکوٹ اور جام نگر رینج)، اشوک کمار یادو نے کہا کہ تمام 236 مسافروں اور عملے کے ارکان کو طیارے سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ساتھ ساتھ مقامی حکام تحقیقات کر رہے ہیں۔ یادو نے کہا، ’’ماسکو سے گوا جانے والی فلائٹ میں بم کی دھمکی ملنے کے بعد جام نگر ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔ طیارے کے اترنے کے بعد تمام 236 مسافروں اور عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ پولیس، بی ڈی ڈی ایس (بم ڈسپوزل اسکواڈ) اور مقامی اہلکار پورے طیارے کی تلاشی لے رہے ہیں۔ اس درمیان گوا پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ طیارہ ماسکو سے ٹیک آف کرنے کے بعد ڈابولم ہوائی اڈے پر اترنے والا تھا لیکن بم کے ہونے خدشے کی وجہ سے اسے جام نگر کی طرف موڑ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گوا پولیس نے احتیاطی اقدام کے طور پر دابولم ہوائی اڈے اور اس کے ارد گرد سیکورٹی بڑھا دی ہے۔