اڈیشہ ٹرین حادثہ: وزیر اعظم مودی کا جائے واقعہ کا دورہ، کہا۔ حادثہ کافی سنگین، قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا

04:14PM Sat 3 Jun, 2023

نئی دہلی : اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں جمعہ کی شام پیش آئے بھیانک ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 288 ہو گئی ہے۔  ملک کے بدترین ریل حادثات میں سے ایک اس حادثے میں 800 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں، جن کا مختلف اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔ وزارت ریلوے کی طرف سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق زخمیوں میں سے 56 کو شدید چوٹیں آئی ہیں جبکہ 747 مسافروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ کی سہ پہر ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر میں بالاسور پہنچے۔ وزیر اعظم مودی نے مرکزی وزرا اشونی وشنو اور دھرمیندر پردھان کے ساتھ ٹرین حادثے کی جگہ کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جائے واقعہ سے ہی کابینہ سکریٹری اور وزیر صحت سے بات چیت کی۔ انہوں نے زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو سبھی ضروری مدد فراہم کرنے کیلئے کہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بات کا خاص خیال رکھا جانا چاہئے کہ سوگوار خاندانوں کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اور متاثرہ افراد کو ضروری امداد ملتی رہے۔
اس کے بعد وزیر اعظم مودی نے اسپتال میں زخمیوں سے ملاقات بھی کی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ انہوں نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا ہے۔ حادثہ کافی سنگین ہے۔ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔
ادھر ریلوے کے ترجمان امیتابھ شرما نے کہا ہے کہ 2 گھنٹے قبل موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 58 ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ 81 ٹرینوں کا روٹ تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ 10 ٹرینوں کا سفر چھوٹا کر دیا گیا ہے۔ جائے واقعہ پر بحالی کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ روٹ کو بہت جلد بحال کر دیا جائے گا۔