بھٹکل میں بھی دکھائی دیا لمپی اسکن ڈیسیز سے متاثر جانور: سوشیل میڈیا پر ویڈیو ہوئی وائرل
04:00PM Sun 23 Oct, 2022

بھٹکل: 23 اکتوبر ،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک بھر میں جانوروں میں جِلدی بیماری لمپی اسکن ڈیسیز کے پھیلنے کی خبروں کے درمیان بھٹکل میں بھی اس بیماری سے متاثر ایک بیل دکھائی دیا ہے جس کے بعد سے سوشیل میڈیا پر اس جانور کی ویڈیو کے ساتھ طرح طرح کے پیغامات موصول ہورہے ہیں ۔
اطلاع کے مطابق سنیچر کی شام ایک بیل بھٹکل کی سنڈے مارکیٹ میں دکھائی دیا جس کے بدن پر کئی جگہ گلٹھیاں ابھر آئی تھیں ۔ لوگوں کی نظروں میں آتے ہی اس کا ویڈیو بنایا گیا اور سوشیل میڈیا کے ذریعے اس کو پھیلا کر عوام کو مطلع کرنے کی کوشش کی گئی۔ حلانکہ اس ویڈیو کے ساتھ کچھ پیغامات ایسے بھی شئیر کیے گئے جو حقیقت سے کافی دور تھے۔
خیال رہے کہ اس مرض کے تعلق سے ماہرین نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ یہ مرض جانوروں سے انسانوں میں نہیں پھیلتا ہے اس لئے خوب گرم کیے ہوئے دودھ یا گوشت کے استعمال سے کسی انسان کو یہ مرض لاحق نہیں ہوگا ۔
بھٹکل تعلقہ انتطامیہ نے عوام کو مطمئن رہنے کی بات کرتے ہوئے مزید مویشیوں میں اس مرض کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ٹیکہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ہے اور مرض کی علامات والے مویشی نظر آنے پر مویشیوں کے اسپتال سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔
لمپی اسکن ڈیزیز کیا ہے؟
لمپی اسکن ڈیزیز ( ایل ایس ڈی) مویشیوں اور آبی بھینسوں کی ایک وائرل بیماری ہے جو نسبتاً کم اموات کا سبب بنتی ہے۔ تاہم، بیماری کے نتیجے میں جانوروں کی فلاح و بہبود کے مسائل اور پیداوار میں نمایاں نقصان ہو سکتا ہے۔
یہ بیماری بنیادی طور پر کیڑوں کے کاٹنے سے پھیلتی ہے جیسے کہ مکھیوں، مچھروں اور ممکنہ طور پر کیڑوں کی مخصوص اقسام۔ یہ بیماری فومائٹس کے ذریعے آلودہ آلات اور بعض صورتوں میں براہ راست جانوروں سے دوسرے جانوروں میں بھی پھیل سکتی ہے۔ اس سے انسانی صحت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
انفیکشن عام طور پر بخار، ڈپریشن، اور جلد پر خاص طرح کے نوڈولس کے ساتھ ایک شدید بیماری کا سبب بنتا ہے۔ دودھ کی پیداوار میں واضح کمی کے ساتھ ساتھ حاملہ جانوروں میں اسقاط حمل بھی ہو سکتا ہے۔