سریش کلماڈی سمیت دس پر فردِ جرم عائد

03:06PM Mon 4 Feb, 2013

سریش کلماڈی سمیت دس پر فردِ جرم عائد بھارت کے تفتیشی ادارے سی بی آئی کی ایک عدالت نے دولت مشترکہ کھیلوں میں بدعنوانی کے مقدمے میں آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ سریش کلماڈی سمیت دس افراد کے خلاففردِ جرم عائد کر دی ہے۔ تمام ملزمان پیر کو عدالت میں پیش کیے گئے جہاں کلماڈی اور ان کے قریبی ساتھیوں پرگھپلے اور نوے کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کی سازش کے الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کی گئی۔  

ملزمان میں کلماڈی کے علاوہ دولت مشترکہ کھیل کی آرگنائزنگ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری للت بھنوٹ، ڈائریکٹر جنرل وی کے ورما، سابق ڈائریکٹر جنرل (خرید) سرجیت لال، سابق جوائنٹ ڈائریکٹر (کھیل) اے ایس وي پرساد اور سابق خزانچی ایم جے چندرن شامل ہیں۔

کلماڈی دو ہزار دس میں ہوئے دولت مشترکہ کھیلوں کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ تھے اور بدعنوانی کے الزامات کے بعد انہیں اپریل دو ہزارگیارہ میں عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ سی بی آئی کی فرد جرم میں کلماڈی اور دیگر ملزمان پر کھیلوں کی تیاری کے دوران ’سوئس ٹائمنگ‘ نام کی کمپنی کو غیرقانونی طریقے سے فائدہ پہنچانے کے الزامات ہیں۔ سی بی آئی کی عدالت نے گزشتہ سال اکیس دسمبر کو کہا تھا کہ تمام دس ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند اور بدعنوانی کے انسداد سے متعلق دفعات کے تحت الزامات طے کیے جائیں گے۔ سی بی آئی کی جانچ کے بعد ان پر دھوكےبازي اور سازش کے علاوہ جعلسازي اور مجرمانہ بدسلوکی کے الزامات بھی عائد کیے جائیں گے۔ کلماڈی کو 25 اپریل دوہزارگیارہ کو گرفتار کیا گیا تھا اور وہ نو ماہ تک دلی کی تہاڑ جیل میں رہے۔ دلی ہائی کورٹ نے 19 جنوری دو ہزاربارہ کو انہیں ضمانت دی جس کے بعد ان کی رہائی ممکن ہو سکی تھی۔
BBC