اڈپی میں منعقد قومی یکجہتی کنونشن کا کامیاب اختتام :  نفرت کاماحول ختم کرکے محبت کا پیغام گھر گھر پہنچانے مقررین  کی اپیل

04:43PM Sun 15 May, 2022

اڈپی: 15 مئی،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  ملک میں اقلیتوں کے خلاف نفرت کی فضا عام کرنے اور اسے فرقہ پرستی کا رنگ دینے کی کوششوں کے دوران اڈپی  میں ریاستی سطح کا ایک عظیم الشان قومی یکجہتی کنونشن منعقد ہوا  ملک کے نامور دانشوران، مفکرین ، مذہبی رہنما ، سماجی قائدین کے علاوہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس تاریخی اور عظیم الشان کنونشن سے پہلے اڈپی اجرکاڈ کے 'ہوتاطما سمارک' سے یونٹی مارچ  کے عنوان سے ریالی نکالی گئی جس میں ہندو، مسلم ، دلت ، عیسائی اور دیگر سماج کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر بطور مہمان خصوصی اجلاس سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے ملک کے نامور سماج وادی دانشور یوگیندر یادو نے کہا کہ  ملک کا با اقتدار طبقہ آج آنکھیں بند کرکے اقلیتوں پر بے دریغ ظلم کر رہا ہے جس کا بھگتان انہیں دیر سویر چکانا ہی پڑےگا  کیوں کہ ظلم کرنے والے یہ بھول جاتے ہیں کہ ان سے پہلے بھی یہاں ملک آباد تھا اور ان کے بعد بھی آباد رہے گا ۔ یوگنیدر یادو نے انہوں نے ملک میں جاری بلڈوزر کی سیاست   پر  بات   کرتے ہوئے کہا کہ یہ بلڈوزر مذہبی جگہوں پر نہیں چل رہا ہے بلکہ ہندوستان اور اس کے دستور پر چل رہا ہے جس کو روکنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔   انہوں  نے کہا  کہ ہماری عبادت کرنے کا طریقہ الگ ہوسکتا ہے لیکن جب ملک کی بات آئے گی تو ہم سب ایک ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس کنونشن کے ذریعہ ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اب نفرت اور دشمنی کی فصل ہاتھ لگنے والی نہیں ہے ۔  پروگرام کے دوران گرو بسوا پٹے دیورو، اڈپی چکمگلورو ہاسن ضلع کے  قاضی زین العلماء ایم عبدالحمید مصلیار، پتور ملنکر کیتھولک چرچ کے بشپ ورگس مار مکریوس نے اپنا اپنا مذہبی پیغام پیش کیا ۔