سورتکل گیٹ کو ہٹانے کے لیے کیا جانے والا احتجاج آج تیسرے دن بھی رہا جاری

03:11PM Sun 30 Oct, 2022

مینگلور: 30 اکتوبر، 2022 (ذرائع) سورتکل ٹول گیٹ کو ہٹانے کی مانگ لے کر 28 اکتوبر سے  شروع ہونے والا چوبیسوں گھنٹے کا دھرنا  آج تیسرے دن میں داخل ہوگیا ہے ۔اس احتجاج میں ہیجماڑی ٹول گیٹ کے قریب واقع سورتکل ٹول گیٹ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے ختم کرنے کا پرزور مطالبہ  کیا جارہا ہے جس میں کرناٹک کی اپوزیشن جماعتیں بھی ساتھ دے رہی ہیں۔ سنیچر کے روز دوسرے دن اس میں کانگریس کی خواتین مورچہ سے تعلق رکھنے والی اراکین شامل ہوگئی تھیں ۔ اس موقع پر مہیلا کانگریس کی ضلعی صدر شالیٹ  پنٹو نے کہا کہ  اس ٹول کو صرف چھ مہینے کی مدت کے لیے بنایا گیا تھا لیکن اب چھ سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ٹول گیٹ کو ہٹانے کا نام نہیں لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹول گیٹ کی وجہ سے منگلورو اور اڈپی ضلع کے ٹیکسی والوں ، سیاحوں ، بس مالکوں اور عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ واضح رہے  کہ 18 اکتوبر کو سورتکل ٹول گیٹ ہٹائے جانے کے لیے ایک پرزور احتجاج کرتے ہوئے ٹول گیٹ ہوراٹا سمیتی کے کارکنان نے اس کا گھیراؤ کیا تھا جس کے بعد پولیس نے 130 افراد کو حراست میں لیا تھا اور اس کے چند روز بعد ہی ٹول گیٹ ہوراٹا سمیتی کی جانب سے 28  اکتوبر سے چوبیس گھنٹے احتجاج کی بات کہی گئی تھی۔