روس اور چین کا ڈالر کی بجائے ’روبل‘ اور ’یوان‘ میں ادائیگی کا فیصلہ

02:28PM Wed 7 Sep, 2022

ماسکو: روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے باوجود روس اور چین نے گیس کی باہمی تجارت میں ڈالر کی چھٹی کرا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق روس اور چین نے خطے میں باہمی تجارت سے ڈالر کے عمل دخل کا خاتمہ کر دیا، دونوں ممالک نے اپنی کرنسی میں گیس کی ادائیگیوں کا معاہدہ طے کر لیا۔ روسی گیس کمپنی گیزپروم کا کہنا ہے کہ اس نے چین کو گیس کی فراہمی کے لیے امریکی ڈالر کی بجائے یوآن اور روبل میں ادائیگیاں شروع کرنے کے لیے چین کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
روسی گیس کمپنی گیز پروم کے سربراہ نے چینی آئل گروپ کے سربراہ کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کی، جس میں گیز پروم کے سی ای او نے کہا کہ یہ معاہدہ ماسکو اور بیجنگ کے درمیان بہترین تعلقات کی علامت ہے، جو دوسری کمپنیوں کے لیے بہترین مثال بن جائے گا۔ خیال رہے کہ روس مغربی پابندیوں کے درمیان امریکی ڈالر پر انحصار کم کرنے اور چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر زور دے رہا ہے۔
گیز پروم کے سی ای او الیکسی ملر نے چین کے آئل گروپ سی این پی سی کے سربراہ ڈائی ہولیانگ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میٹنگ کے بعد ایک بیان میں کہا کہ ”ادائیگی کا نیا طریقہ کار باہمی طور پر فائدہ مند، بروقت، قابل اعتماد اور عملی حل ہے۔“ ملر نے مزید کہا کہ یہ ”حساب کو آسان بنا دے گا“ اور ”دوسری کمپنیوں کے لیے ایک بہترین مثال بن جائے گا۔“