حجاب پر فیصلہ سنانے والے ہائی کورٹ کے تینوں ججوں کو ’وائی‘ زمرے کی سیکورٹی، وزیراعلیٰ نے کیا اعلان

02:10PM Sun 20 Mar, 2022

بینگلورو: 20  مارچ،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) حجاب تنازعہ میں فیصلہ سنانے والے کرناٹک ہائی کورٹ کے تینوں ججوں کو وائی زمرے کی سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے اس سے متعلق اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ حجاب کو اسکولوں میں پہن کر نہ آنے کے کرناٹک حکومت کے فیصلے کو برقرار رکھنے والے ہائی کورٹ کے تینوں ججوں کو وائی زمرے کی سیکورٹی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سبھی تینوں ججوں کو وائی زمرے کی سیکورٹی دی جائےگی۔ وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے آج کہا کہ ہم نے ڈی جی اور آئی جی کو حکم دیا ہے کہ ججوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے معاملے میں فوری جانچ کریں۔ بسوراج بومئی نے کہا، ودھان سبھا پولیس اسٹیشن میں فیصلہ سنانے والے ججوں کو جان سے مارنے کی دھمکی کے خلاف شکایت درج کی گئی۔ اس معاملے میں ڈی جی اور آئی جی کو حکم دیا گیا ہے کہ فوراً معاملے کی باریکی سے جانچ کریں اور معاملے کی تہہ تک جائیں۔