گجرات کے بھج میں سرحد پر پاکستانی کشتی ملنے سے افراتفری، BSF نے کیا ضبط، جانچ شروع

04:31PM Wed 4 May, 2022

نئی دہلی : ہندوستانی سیکورٹی فورسیز کو ایک بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے ۔ اس نے گجرات کے بھج میں ہندوستانی علاقہ کے اندر داخل ہوئی پاکستانی کشتی کو ضبط کرلیا ہے ۔ گجرات بی ایس ایف نے کہا ہے کہ پورے علاقہ میں تلاشی مہم شروع کی گئی ہے ۔ اب تک کوئی مشتبہ چیزیں نہیں ملی ہے ۔ لیکن پاکستانی کشتی کو ضبط کرلیا ہے ۔ یہ روایتی کشتی ہے ، جس سے مچھلی پکڑنے کا کام ہوتا ہے ۔ کشتی بغیر انجن والی ہے ۔ بی ایس ایف کا کہنا ہے کہ پاکستانی کشتی کو ہندوستانی سرحد کے قریب سو میٹر اندر دیکھا گیا ، جس کے بعد اس کو ضبط کرلیا گیا ہے ۔ اے این آئی کی خبر کے مطابق بی ایس ایف بھج کی ٹیم بحیرہ عرب کے پاس پٹرولنگ کررہی تھی ۔ تبھی بی پی نمبر 1158 حرامی نالہ علاقہ میں کچھ مشتبہ چیزوں کے ہونے کا اندیشہ ہوا ۔ پھر دیکھا کہ تین چار کشتی سے پاکستانی ماہی گیر ہندوستانی آبی حدود میں اندر تک گھسے آرہے ہیں ۔ اس کے بعد پٹرولنگ پارٹی فورا ہی وہاں پہنچ گئی ۔ جب پٹرولنگ ٹیم جارہی تھی ، تب پاکستانی ماہی گیر آس پاس کی جھاڑیوں کا سہارا لے کر چھپ گئے اور پاکستانی علاقہ میں فرار ہونے میں کامیاب رہے ۔ اس کے بعد بی ایس ایف کی ٹیم نے ایک کشتی کو ضبط کرلیا ۔ بی ایس ایف کا کہنا ہے کہ ایک بغیر انجن والی کشتی کو ضبط کرلیا گیا ہے ۔ یہ کشتی پاکستان میں بنی ہے ۔ ضبط کرنے کے بعد کشتی کی گہرائی سے جانچ کی گئی ۔ حالانکہ اس میں سے کچھ بھی مشتبہ نہیں ملا ہے ۔
کشتی میں مچھلی ، جال اور مچھلی پکڑنے والے دیگر آلات ہی دیکھنے کو ملے ، لیکن بی ایس ایف کی ٹیم نے اس پورےعلاقہ میں تلاشی مہم چلائی ۔ اس کے بعد بھی کچھ ہاتھ نہیں لگا ۔ پاکستانی ماہی گیر پہلے ہی فرار ہوچکے تھے ۔