Bodies Of 45 Indians Who Died In Kuwait Fire Reach Kerala

07:41PM Fri 14 Jun, 2024

ہندوستانی فضائیہ کا ایک خصوصی C-130J طیارہ جمعہ کی صبح کویت آتشزدگی واقعہ کے 45 ہندوستانی مہلوکین کی جسد خاکی کو لے کر کوچی پہنچا۔ مہلوکین زیادہ تر کا تعلق کیرالہ سے تھا، اسی لیے یہ طیارہ سب سے پہلے کیرالہ کے کوچی میں اترا۔ اس کے بعد یہ طیارہ دہلی آئے گا۔ میتوں کو دہلی سے متعلقہ ریاستوں کے حوالے کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کویت کے منگاف میں سات منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 49 تارکین وطن مزدور ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے تھے۔ اس عمارت میں 196 مہاجر مزدور رہ رہے تھے۔ کویت میں ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ہندوستانی فضائیہ کا ایک خصوصی طیارہ کویت میں آتشزدگی کے واقعہ کے مہلوکین کی جسد خاکی کو لیکر کوچی روانہ ہوگیاہے۔طیارہ جمعرات کی رات بھیجا گیاتھا۔

فضائیہ نے لاشوں کو واپس لانے کے لیے جمعرات کی رات ایک C-130J ٹرانسپورٹ طیارہ کویت بھیجا تھا۔ اس طیارے میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ بھی سوار ہیں۔ انہوں نے کویت میں وہاں کے حکام کے ساتھ مل کر کویت سے لاشوں کو جلد از جلد ہندوستان واپس لانے کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔

45 ہندوستانیوں میں سے 23 کیرالہ سے ہیں۔
کوچی سے یہ طیارہ دہلی کے لیے اڑان بھرے گا کیونکہ کویت میں آتشزدگی کے واقعہ میں مارے گئے کچھ ہندوستانیوں کا تعلق بھی شمال اور شمال مشرقی ریاستوں سے ہے۔ کویت میں ہندوستانی سفارت خانے کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں ہلاک ہونے والے 45 ہندوستانیوں میں سے 23 کا تعلق کیرالہ، سات کا تمل ناڈو، تین کا آندھرا پردیش اور اتر پردیش، دو کا اڈیشہ اور تین کا تعلق بہار، پنجاب، کرناٹک، مہاراشٹر سے ہے۔ ، مغربی بنگال، جھارکھنڈ اور ہریانہ سے ایک ایک شہری ہے۔

سفارت خانے نے کہا کہ لاشوں کو کوچی اور دہلی میں ریاستی حکومتوں کے متعلقہ نمائندوں کے حوالے کردیاجائیگا۔ کویتی حکام نے شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کے بعد لاشیں بھارتی حکام کے حوالے کر دیں۔ کویت فائر فورس نے جمعرات کو کہا کہ برقی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے یہ تباہ کن آگ لگی۔

تحقیقات کا حکم
کویتی حکام نے کہا کہ انہوں نے 45 ہندوستانی اور تین فلپائنی شہریوں کی لاشوں کی شناخت کر لی ہے۔ کویت کے وزیر داخلہ شیخ فہد الیوسف الصباح نے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آگ کا نشانہ بننے والی المنگاف عمارت کے مالک کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔