بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی طرف سے گیٹ ٹوگیدر کا انعقاد:مہمان مقرر نے نوجوانوں کو سماجی تبدیلی میں حصہ لینے اور منشیات سے دور رہنے کی اپیل کی

۰۹:۳۰شام اتوار ۷ ستمبر ۲۰۲۵

بھٹکل: 09 ستمبر، 2025 (راست)  بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن (BMYF) کے زیر اہتمام ہوٹل رائل اوک میں کل سنیچر کے روز ’گیٹ ٹوگیدر‘ پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا جس میں منگلور  شانتی پرکاشن کے منیجر محمد کنہی  نےمہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شر کت کی اور نوجوانوں کو سماجی تبدیلی کی جدوجہد میں شامل ہونے کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی طاقت سماجی تبدیلی کی سب سے بڑی محرک قوت ہے۔ فرانسیسی انقلاب سے لے کر ہندوستان کی آزادی کی تحریک تک، دنیا بھر میں نوجوان تاریخ بنانے میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔ دولت یا عہدے سے زیادہ اخلاقیات، ہمدردی اور انسانیت کی اہمیت ہے۔ انسان کی حقیقی یادیں اسی سے باقی رہتی ہیں۔ جسمانی صحت کے مقابلے میں ذہنی پاکیزگی اور روح کا سکون زندگی کو مکمل بناتا ہے۔

 

محمد کنہی نے ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں کروڑوں افراد ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ معاشرے میں منشیات کی لت ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہو رہا ہے۔

پروگرام میں بی ایم وائی ایف کے سابق صدر عزیز الرحمن ندوی، تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

 

مولوی سید نبیغ برماور کی قرأت سے آغاز ہونے والے اس پروگرام میں بی ایم وائی ایف کے جنرل سکریٹری مبشر ہلارےنے مہمانوں کا استقبال کیا، جبکہ صدارت مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی نے کی۔ عبدالسمیع نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

 

بھٹکل کے کئی تجربہ کار کھلاڑی، جن میں وینکٹیش دیواڑیگا، گنیش نائک، وینکٹ رمن موگیر، نذیرقاسمجی، عبدالرؤف نائطے، جعفر حیدر، راجہ نپانی، نعیم موٹیا، عبدالمجید رکن الدین، آفاق کولا اور دیگر حضرات نے اس پروگرام میں شرکت کی۔