BMJ eastern province Eid milan program 2024

11:20AM Tue 23 Apr, 2024

جدہ: 22 اپریل،2024 (حبیب اللہ محتشم)بھٹکل مسلم جماعت منطقہ شرقیہ ( ایسٹرن پروینس) کا عید ملن پروگرام 18 اپریل  2024رات دس بجے    قصر النخیل  دمام   ہال میں منعقد ہوا۔ پروگرام کا آغاز قاری مولانا  مقیت منا کی خوبصورت آواز میں تلاوت کلا م اللہ  سے ہوا۔شاکر ربانی کی حمد کے بعد جماعت کے فعال اور متحرک سکریٹری مولانا  تنویرجوشیدی نے  ممبران اور مہمانا ن کے سامنے عید ملن منعقد کرنے کی غرض و غایت بیان کی  اور مہمانوں کا استقبال بھی کیا اور کہا کہ ہمارے اس ملن کو انعقاد کرنے کا مقصد ہماری قوم کےلوگوں میں اتحاد و اتفاق کو قائم رکھنا اور مضبوط کرنا ہے اور جماعتی نظام کو مزید مستحکم بنا کر  اپنی قوم و پوری ملت کے لئے  نافع بناناہے۔

اس موقع پر جناب یونس قاضیا  صاحب نے اپنے  خطاب میں کہا کہ عید ملن کے بہانے آج اتنی بڑی محفل سجائی گئی ہے اور ہماری ہر وقت یہی خواہش رہتی ہے کہ  دور دراز سے اپنی معاش کے لئے آئے ہمارے بھائیوں کے ساتھ کچھ ملاقات کا وقت نکالا جائے اور انہیں ایک ہی چھت کے نیچے لاکر کچھ ہنسی خوشی کے لمحات گزارے جائیں۔

الحمد للہ تقریباً  پینتس سے چالیس سا ل گزر گئے  منطقہ شرقیہ جماعت ملت اسلامیہ اور قومی اداروں وغیرہ کے لیے  اپنا بھر پور  کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر قاضیان بھٹکل  کاتہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی گو ناگوں مصروفیات کے باوجود  جماعت کی دعوت پر لبیک کہا اور  اس محفل  میں شریک ہوکر رونق  بڑھائی ۔انہوں نے اس موقع پر  خوشی کا اظہار کرتےہوئے کہا  کہ بھٹکل میں جماعت المسلمین کے ایک ہزار سالہ جشن کے موقع پر قاضی صاحبان نے اپنی رضا مندی کا اظہار کیا کہ  ہماری دو جماعت ایک ہوکر کا م کریں گے جس کے لیے الحمد للہ ایک حد تک کام انجام دیا جاچکا ہے۔  انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ  ایک دو مہینے میں یہ ہماری دو جماعت ایک ہوکر  کام کریں گی۔ انہوں نے اس موقع پر آنے والے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی درخواست کی اور کہا کہ اپنا ووٹ ضائع ہونے مت دیں بلکہ اس کو اپنا حق سمجھ کر فسطائی طاقتوں کوٹھکانے لگانے میں استعمال کریں۔انہوں نے اس موقع پر حاضرین سے  قومی اداروں کی ترقی  کے تعلق سے بھی غور کرنے اور انہیں آگے بڑھانے کے لیے اپنے رائے مشوروں سے نوازنے کی اپیل کی۔

قاضی جماعت المسلمین بھٹکل  مولانا عبد الرب خطیبی ندوی  نے اس موقع پر اجتماعیت کا درس دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے جتنے ارکان اسلام  ہیں جیسے نماز ، حج، روزہ وغیرہ اجتماعیت  کی مثالیں ہیں اور ایک ہی وقت پر  اجتماعیت سے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا  کہ ہم روزانہ  نماز میں پڑھنے والی دعاوں پر غور کریں اس کے معنی و مفہوم جاننے اور اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں، سیرت انبیاء  کا مطالعہ کریں، انبیاء کی دعوت کیا تھی اسکو سمجھیں، صدیقین و شہداء  کے حالات معلوم کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ  ہم نے اپنے بچوں کو اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم دینے کی  فکر کریں لیکن جو ہماری دین کی  بنیاد ہے پہلے انہیں سمجھائیں۔اپنی فیلڈ کے متعلق شریعت کے احکام کو جانیں نہ معلوم ہو تو جاننے والوں سے  رجوع  کریں اور معلوم کریں ۔ عورتوں کے سلسلے میں کہا  کہ ہمارے نبیؐ  کا فرمان ہے کہ اگر عورتوں میں آپ اپنے لئے نمونہ بنانا چاہتے ہو تو  حضرت ِ عائشہ ؓ ، مریمؑ ،آسیہؑ ،فاطمہؓ ، خدیجہ  رضی اللہ تعالیٰ عنہا  اور دیگر صحابیات کو نمونہ بنا کر زندگی گزاریں ، ذرا  اپنے گریباں میں جھانک کر دیکھیں  ہم اپنے لئے اسوۃ اور نمونہ کس کو  بنا رہے ہیں ہم اپنےبرقعوں میں  اپنے لباس میں  اپنے بالوں میں  کس کی چال کو اختیا ر کرنے پر فخر  کر رہے ہیں۔

مرکزی خلیفہ جماعت المسلین کے قاضی مولانا  خواجہ معین الدین اکرمی ندوی مدنی  نے اپنے خطاب میں کہا کہ  آج کے اس پروگرام عید ملن  کے ذریعے سال میں ایک مرتبہ  ملنے  کا موقع فراہم ہوتا ہے۔ ہم اس پروگرام میں  بھٹکل سے سفر کرکے  آئے ہیں ۔ آپ سبھی سے عرض کرنا چاہتا ہوں کہ گذشتہ سات سے آٹھ مہینہ پہلے  یہ پروگرام  پوری تیاری کے ساتھ طئے تھا، لیکن  عالمی حالات  میں جو حالات سامنے آئے  امت مسلمہ ومقدس مسجد کے ساتھ اس کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے آپ سے درخواست کی کہ حالات کو دیکھتے ہوئے  اور امت مسلمہ کے مسائل سے یکجہتی کرتے ہوئے  اس پروگرام کو ملتوی کریں ، الحمد للہ  جماعت نے ہماری بات کا احترام کیا  اور پوری تیاری ہونے کے باوجود  اس پروگرام کو روک کر ملتوی کیا اور عید گزرنے  کے  بعد نئے سرے سے اس پروگرام کو ترتیب دے کر ہمیں مدعو کیا  تو ہمارا بھی فرض بنتا تھا کہ ہم جماعت کا خیال رکھیں ۔ مولانا محترم نے کہا  کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس دنیا کے لئے پیدا نہیں کیا  اس دنیا میں چند روز زندگی گزارنے کے لئے آئے ہیں جو کہ ایک  وقتی زندگی ہے ، اللہ تعالیٰ نے ہمیں قرآن میں کہا کہ آپ ایمان والے ہو اللہ سے خوف کریں اور کل کی زندگی کے لئے کیا تیاری کی ہے اس پر غور  کریں  اور اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو۔اسلئے کہ آپ جو کچھ بھی کررہے ہو اللہ واقف ہے۔ یہ ہمارا عقیدہ اور ایمان ہے اور ہم  نےبچپن سے یہی سیکھا ہے، انہوں نے پروگرام میں بڑی تعداد میں موجود خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مرد حضرات  تلاش معاش کے لئے  گھر سے باہر رہتے ہیں ، بچے آپ کے ساتھ ہر وقت ہوتے ہیں اور آپ کی گود میں پلتے ہیں  بچوں کو اچھے بنانے کے لئے سب سے زیادہ آپ کی ذمہ داری ہوتی ہے ، اسلئے آپ  سبھی خواتین سے درخواست ہے کہ انکی تربیت  میں ، عقیدہ توحید، عقیدہ ختم رسالت ، وغیرہ  ان باتوں پر اپنے بچوں کو تیار کرنے  کریں اور اس کو مضبوط بنانے کی کوشش کریں ۔ دجالی فتنوں کی معلومات دینا ضروری ہے، کیونکہ ہمارے نبی نے دجال کے فتنے کا سب سے زیادہ اگاہ کیا ہے اور ہم ہر نمازمیں دجال کے فتنے سے بچنے کی دعا بھی کرتے رہتے ہیں ، اس سلسلے میں  اور عقیدہ کے سلسلے میں کوتاہی ہو رہی ہے اس لئے اس بات پر توجہ دیں۔انہوں نے تاجر حضرات سے درخواست کی کہ اپنے تجارت میں مخلص ہو کر کا م کریں آپ کے پاس جو احباب نوکری کرتے ہیں انہیں کسی کو ۱۰ کسی کو 12 گھنٹہ کام کر نا پڑتا ہے ،تجار حضرات اس سلسلہ میں کوئی بھی کوتاہی نہ کریں اور ایمانداری کے ساتھ اور سعودی لیبرقوانیں  کے تحت انکا حق ادا کرنے کی کوشش کریں  کیونکہ ہر کوئی حلال روزی حاصل کرنے کی خاطر یہاں آیا ہے  اور جو احباب نوکری کرتے ہیں اور جو ایگریمنٹ ہوا ہے اس میں  بھی کوئی کوتاہی نہ برتیں۔اگر ہم دونوں احباب کوتاہی کسی بھی معاملے میں کرینگے  تو اس دنیا کے قوانین سے بچ سکتے ہیں مگر اللہ سے نہیں بچ  سکتے ۔اہل ثروت حضرات سے مخلصانہ درخواست کی کہ  زکوٰۃ تو فرض ہے ، اور آپ محنت سے کما رہے ہیں مگر مال جو آپ صدقہ کرتے ہیں آپ کی آخرت کے لئے اور جو چھوڑتے ہیں وہ اپنی اولاد کے لئے، اس لئے فراخ دلی سے  ہر ایک کو اور اداروں کو تعاون کریں۔

صدر جماعت نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ  علماء کرام نے جو نصیحتیں کی ہیں اس پر پور ی طرح عمل کرنے کی کوشش کریں، اور کاروباری حضرات سے درخواست کی کہ سعودی قوانین کا  پالن کریں اور غیرقانونی تجارت سے گریز کریں اور جس کاروبار میں پریشانی ہو ایسی تجارت کے قریب بھی نہ جائیں۔

اس موقع پر بچوں کے لئے امتحانا ت میں نمایاں  کامیابی پر  ایورڈ سے نوازاگیا  اس پروگرام کو جناب عمیر برماور اور جناب عبد الاحد فکردے نےسنبھالا ۔ 6 ماہ میں حفظ قرآن تکمیل کرنے پر  مولانا حافظ اواب ابن صادق اکرمی کو خصوصی میمنٹو سے نوازاگیا۔ایجو کیشن  میں ٹاپ کرنے  والی پی یو سی دوم میں 90 فیصد مارکس لینے پر شورا ءبنت جاوید کولا کو سند اور میمنٹو سے نوازاگیا۔ گولڈ میڈل پی یو سی میں  تہانی  بنت تنویر جوشیدی 90.2  سائنس میں ٹاپ کرنے پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ مہمانان کرام قاضی صاحبان اور مہمان شاعر ابرار کاشف کو بھی میمنٹو سے نواز کر ان کی تہنیت کی گئی ۔

اس تقریب میں  ممبران اور مہمانوں کی تفریح  کے لئے معصوم بچوں نے  بڑے ہی خوبصورت انداز میں ایک  ڈرامہ  اور ایک  عربی نظم کو  پیش کرکے حاضرین سے  دادِ تحسین حاصل کی۔

اس عید ملن میں موجود  ممبران و مہمانوں  کو رافل ڈرا کے ذریعے  قیمتی انعامات سے نوازا گیا جس میں ۲ عدد کار، ۱۰ موٹر سائیکل ، گولڈ کوائن، اور دیگر کئی قسم  کے انعامات رکھے گئے تھے۔ اس عید ملن میں ممبران و مہمانان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اس پروگرام کو اور پُر کشش بنانے کےلئے مہاراشڑا سے تعلق رکھنے والے اردو دنیا کے مشہور  شاعر جناب ابرار احمد کاشف کو مدعو کیا گیا تھا، انہوں نے  بڑے ہی خوبصورت انداز میں اپنا کلام سنا کر سامعین کو محظُوظ کیا۔  

اس پروگرام کی نظامت کےفرائض   کعب شابندری، جواد سکری، فیاض موٹیا، مولانا تنویر جوشیدی  نے  انجام دیے

یہ  پروگرام  دیر رات اختتام کو پہنچا۔

اسٹیج پر  جماعت کے صدر جناب فاروق پیرزادے،جماعت المسلمین کے چیف قاضی محترم مولانا عبدالرب ندوی خطیب،  مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے چیف قاضی محترم مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی مدنی  ، دمام جماعت کے روح رواں اور انجمن حامی مسلمین اور کینرا مسلم خلیج   کونسل کے صدرجناب یونس قاضیا  صاحب، دمام جماعت کے جنرل سکریٹری مولانا تنویر جوشیدی ، وطن عزیز ہندوستان  سے مدعو اردو کے  شاعر جناب کاشف ابرار صاحب  اور پروگرام کے کنوینر جناب ارشاد علی اکبرا صاحب موجود تھے۔