Bhatkal’s Dr. Haneef Shabab selected for Karnataka Urdu Academy Award 2024
05:32PM Wed 26 Feb, 2025

بنگلورو: 26 فروری، 2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کے معروف اردو اسکالر، ممتاز شاعر اور ماہرِ تعلیم ڈاکٹر حنیف شباب کو اردو زبان و ادب میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں کرناٹک اردو اکیڈمی ایوارڈ 2024 کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ باوقار ایوارڈ انہیں 27 فروری کو بنگلورو میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں پیش کیا جائے گا۔
ڈاکٹر محمد حنیف شباب جو کہ اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں وہ ایک کہنہ مشق شاعر، ممتاز استاد، محقق اور اردو زبان کے سچے خیر خواہ کی حیثیت سے پہچانے جاتے ہیں۔ ان کی علمی و ادبی خدمات اردو ادب میں روز روشن کی طرح عیاں ہیں اور ان کے تحقیقی و تنقیدی کاموں کو علمی و ادبی حلقوں میں ہمیشہ سے بے حد پذیرائی ملتی رہی ہے۔
ڈاکٹر شباب نے بھٹکل کے مشہور و معروف شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول میں 25 سال سے زائد عرصے تک تدریسی خدمات انجام دیں جہاں انہوں نے سینکڑوں طلبہ کے دلوں میں اردو زبان کی محبت پیدا کی۔ انہوں نے اپنی شاعری، تحقیقی کام اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے اردو کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کے ادبی کاموں نے نوجوان اسکالرز اور ادیبوں کو نئی راہیں دکھائی ہیں جبکہ مختلف ادبی سرگرمیوں میں بھی ڈاکٹر حنیف شباب ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔
وہ مختلف قومی و بین الاقوامی سیمینارز، ادبی کانفرنسوں، ورکشاپ اور مشاعروں میں باقاعدگی سے شرکت کرتے رہے ہیں، جہاں ان کی علمی بصیرت اور شعری تخلیقات کو بے حد سراہا گیا ہے۔مقامی طور پر بھی وہ ایک منجھے ہوئے اور اسلامی افکار کے حامل شاعر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
ان کے بین الاقوامی سطح پر مقبول تخلیقی کاموں میں سے ایک نظم "اور لائن کٹ گئی" خاص طور پر قابل ذکر ہے، جو لڑکیوں کے قتلِ ناحق کی المناک حقیقت کو ایک جذباتی اور طاقتور انداز میں پیش کرتی ہے۔ یہ نظم ایک فوت شدہ بچی اور اس کی ماں کے درمیان مکالمے پر مشتمل ہے، جس میں جنت میں موجود بچی کے دل سوز احساسات کو شاعری کے قالب میں ڈھال کر پیش کیا گیا ہے۔ اپنی گہرائی، سماجی پیغام، اور مؤثر اندازِ بیان کی بدولت یہ نظم دنیا بھر میں پذیرائی حاصل کر چکی ہے۔
کرناٹک اردو اکیڈمی ایوارڈ 2024 کا ملنا ڈاکٹر حنیف شباب کی علمی، شعری اور تدریسی خدمات کا شاندار اعتراف ہے۔ ان کی کامیابی نہ صرف بھٹکل بلکہ پورے اردو ادبی حلقے کے لیے باعثِ فخر ہے۔
ادارہ بھٹکلیس اس موقع پر ڈاکٹر محمد حنیف شباب صاحب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی خدمت کو قبول فرمائے ان کا سایہ تادیر قائم رکھے اور ملک و ملت کے ان کے نگارشات سے مزید مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین