Bhatkal Tanzeem Hosts One-Day Workshop on Municipal Administration and Local Governance
07:14PM Tue 30 Sep, 2025

بھٹکل: 30 ستمبر، 2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے سیاسی پینل کے زیر اہتمام پیر کو "میونسپل ایڈمنسٹریشن اور لوکل گورننس" کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد ہوا جس میں ماہرین اور سماجی شخصیات نے عوامی بیداری، نوجوانوں کی شمولیت اور عوامی نمائندوں کی ذمہ داریوں جیسے موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
بینگلورو کے چامراج نگر سٹی میونسپل کونسلر ابرار احمد نے ورکشاپ میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد کرناٹک کے بلدیاتی قوانین نے میونسپل نظام کو مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مقامی انتخابات اور بلدیاتی ذمہ داریوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی تاکہ بہتر گورننس ممکن ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھٹکل کے نوجوان کنڑا زبان سیکھ کر میونسپل اور پنچایتی امور میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ورکشاپ سے تنظیم سیاسی پینل کے کنوینر اور جالی پٹن پنچایت کے نائب صدر ایڈوکیٹ سید عمران لنکا نے بھی خطاب کیا اور میونسپل زمینوں کے استعمال، مکانوں کے نقشے اور اتی کرم داروں کے مسائل پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر حاضرین کو سوالات کا بھی موقع دیا گیا جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تقریب کا آغاز مولوی محمد حسین جوکاکو کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ مولوی عبدالرّقیب ایم جے ندوی نے استقبالیہ کلمات پیش کیے جبکہ اجلاس کی صدارت تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے کی۔
ورکشاپ میں بھٹکل اور اطراف کے علاقوں سے بڑی تعداد میں نوجوان، مرد و خواتین کونسلرز، پنچایت اراکین اور سماجی کارکن شریک ہوئے۔ اس موقع پر تنظیم کے ذمہ داران اور مختلف اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔