Bhatkal Muslims celebrate Eid-ul-Fitr with reverence and joy

08:47PM Wed 10 Apr, 2024

بھٹکل: 10 اپریل، 2024 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹک کے علاقوں میں آج بدھ کو عیدالفطر پورے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی  جس میں مسلمانوں نے عید کی دوگانہ ادا کرنے کے بعد ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔

بھٹکل عیدگاہ میں مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے دوگانہ کی امامت کرتے ہوئے عید کا خطبہ دیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو بہت سارے امور کی طرف توجہ دلاتے ہوئے دینی شعائر سے جڑے رہنے اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے  کی تاکید کی۔ انہوں نے اس موقع پر نوجوانوں کو دینی عقائد پر جمے رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت و رسالت کے تعلق سے موجود ہ دور میں بہت سی گمراہ کن باتیں پھیلائی جارہی ہیں جس سے نوجوان طبقہ متاثر ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے ، انہوں نے سرپرستوں کو بھی اس موقع پر اپنے بچوں پر نگاہ رکھنے کی بات کہی ۔

انہوں نے نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اسلام سے جڑے رہیں گے تو پھر آنے والی نسلیں بھی اسلام پر باقی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ   ملک میں مسلمانوں کو اسلامی تعلیمات سے دور کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں لیکن یہ سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی  ہم یہیں اسی ملک میں رہیں گے اور تمام تر اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے رہیں گے۔مولانا نے اس موقع پر مسلمانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے عمل کے ذریعے غیروں کو اسلامی تعلیمات پہنچانے والے بنیں ایسے  کام نہ کریں جس سے غیروں کو اسلام سے نفرت ہونے لگے ۔

مولانا نے اپنے پیغام میں والدین کی قدر کرنے، ان کی خدمت کرنے  اور بڑوں کا ادب کرنے کی بھی تاکید کی اور رمضان و  عید الفطر کے بعد کی زندگی  بھی تقویٰ و پرہیزگاری کے ساتھ گزارنے پر زور دیا ۔ مولانا نے یہ بھی کہا کہ عید خوشیوں کا دن ہے اس لیے اس دن خوشیاں پھیلائیں ،آپس میں مل کر رہیں ۔