Bengaluru student drowns and dies off Murudeshwar beach, another rescued

08:17PM Sun 6 Oct, 2024

بھٹکل : 06 اکتوبر،2024 (بھٹکلیس نیوز بیورو) تعلقہ کے مرڈیشور سمندر میں آج اتوار کو ایک طالب علم پانی میں ڈوب  کر ہلاک ہوگیا ہے جبکہ اس کے ساتھ تیراکی کر رہے دوسرے طالب علم کو بچا لیا گیا ہے۔ مرنے والے طالب علم کی شناخت بینگلورو کے رہنے گوتم کے وی (17 سال) کی حیثیت سے کی گئی ہے ، جبکہ زندہ بچ جانے والے طالب علم کا نام دھنوش بتایا گیا ہے۔

اطلاع  کے مطابق بینگلور کے ودیا سودھا پی یو کالج، جلا ہلّی کراس کے 220 طلبہ سیاحت کے لیے آج اتوار کی صبح مرڈیشور ساحل پر  پہنچے تھے۔ چونکہ مندر کے قریب سمندر میں اترنے کی اجازت نہیں ہےاس لیے  یہ لوگ پولس سے بچنے کے لیے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر دور جاکر سمندر میں تیرنے کے لیے اترے،  اسی دوران دو طلبہ سمندری موجوں کی زد میں آگئے۔ ان میں سے ایک کو بچا لیا گیا، مگر دوسرا طالب علم سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا تھا جسے لائف گارڈ کے اہلکاروں نے کافی مشقت کے بعد ڈھونڈ نکالا۔

اس تعلق سے مرڈیشور پولیس تھانے میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور  رپورٹ تیار ہونے تک نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا  تھا۔ پولیس نے بتایا کہ  اس واقعے کے تعلق سے  طالب علم  کے گھروالوں کو اطلاع دے دی گئی ہے اور ان کے بھٹکل پہنچنے کے بعد پوسٹ مارٹم کی کارروائی کی جائے گی۔