Bengaluru: Couple dead in ambulance hit-and-run; angry crowd topples emergency vehicle

02:50PM Sun 2 Nov, 2025

بینگلورو: 02  نومبر،2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاستی راجدھانی بینگلورو کے شانتی نگر میں گذشتہ رات ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک تیز رفتار ایمبولینس نے سگنل پر کھڑی تین سورایوں کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ اس  میں بھٹکل سے تعلق رکھنے والے محمد اسماعیل نطہر دھاباپو (38) اور ان کی اہلیہ ثمین بانو قاسمجی (32) موقع پر ہی اللہ کو پیارے ہوگئے جبکہ مزید دو سواریوں پر سوار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ حادثہ ڈبل روڈ سنگیت سگنل کے قریب اس وقت پیش آیا جب ریڈ سگنل کی وجہ سے سواریاں رکی ہوئی تھیں، اس دوران اچانک رچمنڈ روڈ سرکل سے تیز رفتار آتی ہوئی ایمبولینس نے تین سواریوں کو ٹکر دے دی جس کے نتیجے میں بائک پر سوار بھٹکل کے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ ان کے ساتھ ان کے تین بچے بھی تھے جو بالکل محفوظ ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ حادثہ کے فوری بعد ایمبولینس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس پر برہم عوام نے ایمبولینس کو ہی الٹ دیا اور کافی دیر تک اس پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک جام کردیا۔ پولس نے مداخلت کرتے ہوئے معاملے کو اپنے ہاتھوں میں لیا ہے۔

دونوں میتیں بینگلور سے بھٹکل کے لیے روانہ کر دی گئی ہیں۔ دیر رات تک بھٹکل پہنچ کر رات میں ہی تدفین ہونے کے امید ہے۔

اللہ تعالیٰ مرحومین کی بال بال مغفرت فرمائے، ان کے بچوں اور اہل خانہ کو صبر جمیل نصیب فرمائے۔ آمین