پرمود متالک کے متنازعہ بیان کے خلاف بھٹکل میں ویلفئیر پارٹی نے داخل کی ایف آئی آر

03:03PM Mon 6 Jun, 2022

بھٹکل: 6 جون،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اذان اور مسلمانوں کے خلاف  شری رام سینا چیف پرمود متالک کے متنازعہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے آج بھٹکل میں ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے کارکنان نے بھٹکل ڈی وائی ایس پی بیلی ایپا کو ایف آئی آر سونپی ہے اور متالک کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ویلفئیر پارٹی کے ضلع سکریٹری آصف شیخ نے کہا کہ اپنے متنازعہ بیانات کی وجہ سے مشہور   شری رام سینا کے چیف پرمود متالک نے جمعرات کو  اذان کو لے کر ایک متنازعہ بیان دیا تھا  جس کی ویلفئیر پارٹی کڑے الفاط  میں مذمت کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کو نافذ کرنے کے لیے پولس انتظامیہ موجود ہے اس کے لیے کسی دوسرے کو متنازعہ بیانات دینے اور ریاست کے امن میں خلل ڈالنے کی ضرورت نہیں ہے،  ایسے لوگوں کے خلاف پولس کو شکنجہ کسنا چاہئے تاکہ ریاست میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔ واضح رہے کہ  جمعرات کے روز پرمود متالک نے ہبلی میں ایک اخباری کانفرنس کے دوران  صبح کی اذان کو لے کر متنازعہ بیان دیا تھا اور کہا تھا کہ حکومت کو اذان کے معاملے میں  سپریم کورٹ کے حکم کو لاگو کرنا چاہئے اگر حکومت کے اندر اتنی طاقت نہیں ہے تو وہ انہیں 24 گھنٹے کا وقت دے وہ اس کو سنبھال لیں گے اور جو بھی سپریم کورٹ کا حکم نہیں مانے گا وہ اسے شوٹ کر دیں گے ۔ انہوں نے اس کانفرنس میں  ریاستی حکومت کو ناکارہ قرار دیتے ہوئے حکومت پر بھی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ 8 جون کو ریاست بھر میں شری رام  سینا کے ذریعے بی جے پی اراکین اسمبلی کے دفاتر کے باہر دھرنا دلائیں گے اور عوام سے اپیل کریں گے وہ اگلی بار بی جے پی کو ووٹ نہ دیں۔