ہنڈن برگ ۔ اڈانی کیس: سپریم کورٹ کی نگرانی میں بنے گی جانچ کمیٹی، مرکزی حکومت نے کہا : سیبی بھی پوری طرح تیار
02:05PM Mon 13 Feb, 2023
نئی دہلی : سپریم کورٹ نے پیر کے روز اڈانی گروپ کے بارے میں ہنڈن برگ رپورٹ کی جانچ کا مطالبہ کرنے والی دو مفاد عامہ کی درخواستوں پر کی سماعت کی۔ اس سماعت میں سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ سیبی اور دیگر ریگولیٹری ادارے اس طرح کے حالات سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن اگر عدالت اپنی طرف سے کمیٹی تشکیل دیتی ہے تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ اس پر عدالت نے مہتا سے کہا ہے کہ وہ بدھ تک بتائیں کہ کون کون کمیٹی میں شامل ہو سکتے ہیں ۔ اس معاملے پر اگلی سماعت جمعہ کو ہوگی۔
مرکزی حکومت نے اڈانی گروپ سے متعلق ہنڈن برگ رپورٹ کی جانچ کے لیے کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ یہ کمیٹی تجویز کرے گی کہ موجودہ ریگولیٹری نظام کو کیسے بہتر بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ہی سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ کیسے کیا جائے۔ بتادیں کہ اس معاملہ میں سپریم کورٹ نے جمعہ کو کہا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ میں ہندوستانی سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ایک مضبوط طریقہ کار ہونا چاہئے۔
اس کے ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے مرکز سے کہا تھا کہ وہ ریگولیٹری میکانزم کو مضبوط کرنے کیلئے ایک سابق جج کی صدارت میں اس شعبے میں ماہرین کی ایک کمیٹی قائم کرنے پر غور کرے۔ مرکز نے اس کمیٹی کی تشکیل پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
یہ دیکھتے ہوئے کہ اسٹاک مارکیٹ ایسی جگہ نہیں ہے جہاں صرف بڑے سرمایہ کار ہی سرمایہ کاری کرتے ہیں، عدالت نے کہا کہ بدلتے ہوئے مالیاتی اور ٹیکس نظام کے ساتھ سرمایہ کاری "متوسط طبقے کے ذریعہ وسیع پیمانے پر" کی جا رہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ کچھ خبروں کے مطابق اڈانی کے شیئرز میں حالیہ گراوٹ کی وجہ سے ہندوستانی سرمایہ کاروں کو ہونے والا کل نقصان کئی لاکھ کروڑ روپے ہے۔
'ہنڈن برگ ریسرچ' کی جانب سے اڈانی گروپ پر دھوکہ دہی اور شیئروں کی قیمتوں میں ہیرا پھیری سمیت کئی سنگین الزامات لگائے جانے کے بعد گروپ کی کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ دیکھی گئی ہے۔