اجتماعی شادیوں کو رواج دینے لبیک نوائط نے اٹھایا قدم: یہ ہے پورا منصوبہ

04:08PM Mon 25 Oct, 2021

بھٹکل: 25 اکتوبر، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) شادی بیاہ میں فضول خرچی اور دیگر چیزوں کو مد نظر رکھتے ہوئے بھٹکل لبیک نوائط ایسوسی ایشن نے اجتماعی شادی کا نظم شروع کرنے کی طرف پہل کردی ہے۔ اس تعلق سے آج ظہر نماز بعد اخباری کانفرنس بھی منعقد کی گئی تھی جس میں لبیک نوائط کے ذمہ داران نے میڈیا کو اس کی تفصیلات پیش کیں۔ اس موقع پر لبیک کے جنرل سکریٹری مولوی عبدالاحد فکردے ندوی نے کہا کہ معاشرے میں شادی کو سادی بنانے اور فضول خرچی وغیرہ سے معاشرے کو بچانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  اجتماعی شادی کے پروگرامات ترتیب دینے کے لئے لبیک نوائط نے ایک کمیٹی ترتیب دی ہے جس میں  رونق محتشم (منڈے) کو کنوینر  کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔  عوام الناس سے  مولانا نے درخواست کی جو بھی لوگ اجتماعی  شادی میں شریک ہونا چاہتے ہیں، وہ فوری رونق محتشم (موبائل:  9844027577)  یا   لبیک نوائط کے صدر  رئیس رکن الدین  (موبائل:  9513007003) سے رابطہ کرسکتے ہیں اور شادی کے لئے  نام  درج کراسکتے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر جناب رئیس رکن الدین نے کہا کہ اس میں بھٹکل کے علاوہ اطراف کے لوگوں کو بھی موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے اس میں امیر حضرات کے خاندان والوں کو پہل کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر امیر حضرات اجتماعی شادی کی تقریب کو ترجیح دیں گے تو معاشرے کا غریب طبقہ بھی یہاں آنے کے لیے نہیں کترائے گا۔ مولانا عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے مختصراً مشترکہ شادی کے خاکے کو پیش کرتے ہویے کہا کے اس میں کوئی بھی خواہش مند اپنے نام رجسٹر کر سکتا ہے ۔ ایک ساتھ کم سے کم پانچ یا اس سے ذیادہ شادیاں کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اجتماعی شادی میں نکاح سے لے کر ولیمے تک کا تمام انتظام لبیک نوائط کی طرف سے ہی کیا جانے والا ہے۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے دوسرے ذمہ دار بھی موجود تھے۔